اب بھی لانگ مارچ کرکے وفاقی حکومت گراسکتے ہیں، اسد قیصر

اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت اب بھی لانگ مارچ کرکے وفاقی حکومت گراسکتی ہے، تاہم امن کی خاطر کارکنوں کو فی الحال سڑکوں پر نہ آنے اور انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپیٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ کے معاملے پر پارٹی میں مشاورت کریں گے، کیونکہ اس سہولت کے حوالے سے ابھی تک جماعت میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ اب بھی لانگ مارچ کے ذریعے حکومت گرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن امن و امان کے پیش نظر کارکنوں کو فی الحال سڑکوں پر آنے سے روکا گیا ہے اور انہیں انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر اہم مسائل پر بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسا کون سا شعبہ ہے جس میں موجودہ حکومت اب تک کامیاب ہوئی ہے۔
فرانس میں احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہاں بڑے بڑے واقعات کے باوجود مظاہرین پر گولیاں نہیں چلیں۔



