واٹس ایپ میں ساؤنڈ اسٹیکرز بنانے کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

کراچی: میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے ذریعے وہ آڈیو پر مشتمل اسٹیکرز تیار کرکے دوسروں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے بیٹا (Beta) ورژن میں ساؤنڈ اسٹیکرز کا فیچر دیکھا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین تصاویر اور ویڈیوز کو آڈیو کے ساتھ اسٹیکرز میں تبدیل کرسکیں گے۔
واٹس ایپ میں اسٹیکرز شیئر کرنے کی سہولت پہلے ہی موجود ہے اور صارفین مختلف اسٹیکر پیکس کے علاوہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز سے بھی اسٹیکرز تیار کرسکتے ہیں۔ تاہم، نئے فیچر کے ذریعے ان اسٹیکرز میں آواز بھی شامل کی جاسکے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسی تصویر کو اسٹیکر میں تبدیل کرتے وقت ٹول بار میں ایک نیا ساؤنڈ ویو آئیکون دکھائی دے گا۔ اس پر کلک کرکے صارفین فون کی اسٹوریج میں موجود آڈیو فائل منتخب کرسکیں گے یا اپنی آواز ریکارڈ کرکے اسٹیکر کے ساتھ منسلک کرسکیں گے۔
ایک اسٹیکر میں زیادہ سے زیادہ 10 سیکنڈ کی آڈیو ریکارڈ کرنے کی سہولت ہوگی۔ واٹس ایپ پر ساؤنڈ اسٹیکر بھیجنے کے بعد اس کے ساتھ والیوم آئیکون نظر آئے گا، جس پر کلک کرکے آڈیو سنی جاسکے گی۔
اسی طرح ویڈیوز سے اینیمیٹڈ اسٹیکرز تیار کرتے وقت واٹس ایپ خودکار طور پر ویڈیو میں سے 5 سیکنڈ کی آڈیو شامل کرسکے گا۔ صارفین کو یہ آڈیو تبدیل کرکے اپنی پسند کی دوسری آڈیو فائل یا اپنی ریکارڈ کردہ آواز شامل کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے، تاہم اس کی عام صارفین کے لیے دستیابی سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔



