latest newsPolitics

خیبر پختونخوا کو انسداد دہشت گردی کے لیے ملنے والے 800 ارب روپے کا آڈٹ کرائیں گے، ثمر بلور

پشاور: خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے صوبے کو ملنے والے 800 ارب روپے کا آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ ان فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چند روز میں خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر اہم اعلانات متوقع ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر بلور نے کہا کہ جس طرح کے وسائل پنجاب میں نظر آتے ہیں، اسی طرح کی سہولیات اب خیبر پختونخوا میں بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ گول مارچ بن کر رہ گیا اور آگے نہیں بڑھ سکا۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ بہت سے وعدے عملی شکل اختیار نہیں کر پاتے، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ وعدے کم کیے جائیں اور عملی اقدامات زیادہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے اپنی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں گی۔

ثمر بلور کا کہنا تھا کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت اب سوشل میڈیا تک محدود ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ ان کے بقول ان اکاؤنٹس کے پیچھے موجود بعض افراد ملک سے باہر ہیں۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ میران شاہ سے بچیوں نے انہیں پیغامات بھیجے ہیں کہ علاقے میں گزشتہ 13 سال سے اسکول موجود نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بچیوں کے لیے اسکول تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک جنازے میں شریک ہوئے۔ ثمر بلور نے مزید کہا کہ پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ان کے مطابق جب یہ گاڑیاں پہلے صوبے کو دی گئی تھیں تو انہیں بڑے تکبر کے ساتھ واپس کردیا گیا تھا۔

ثمر بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے حل، پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری وسائل کے استعمال کا جائزہ لینے پر مرکوز ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button