فیصل آباد میں سائبر کرائم کے الزام میں 2 ملزمان گرفتار، شہری کے اکاؤنٹ سے 14 لاکھ 93 ہزار روپے منتقل

فیصل آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر کرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن پر شہری کے بینک اکاؤنٹ سے 14 لاکھ 93 ہزار روپے غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے بینکنگ ایپ کا غیر مجاز استعمال کرتے ہوئے شہری کے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر ایک ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک کے موبائل فون سے مختلف اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کے شواہد ملے ہیں، جبکہ ملزمان کے موبائل فونز سے مبینہ فراڈ سے متعلق ٹرانزیکشنز اور اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے نے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ رقم کی منتقلی کے طریقہ کار اور اس میں ملوث دیگر افراد کا پتا لگایا جا سکے۔



