جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کا 35 ارب روپے کا آن لائن فراڈ، لاہور سے ملزم گرفتار

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے مطابق ملزم نے اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک آن لائن جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے اور مبینہ فراڈ کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے۔
عاطف امیر کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنے بھائی، بیوی، بہن اور خالہ کے بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کیے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جو مالی لین دین اور مبینہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا جائزہ لے رہی ہیں۔
حکام کے مطابق خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم فہیم اکرم نے مبینہ طور پر ایک ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے امریکی پوسٹل سروس کے نظام کو بائی پاس کرکے 50 لاکھ سے زائد ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کا سراغ لگانے کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔ اس سلسلے میں 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم تک پہنچنے کے لیے 122 کال ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیوز کا جائزہ لینے کے ساتھ آڈیو تجزیہ بھی کیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن جاری رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور خصوصی ٹیمیں مالی لین دین، استعمال کیے گئے بینک اکاؤنٹس اور مبینہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی چھان بین کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست فلوریڈا میں بھی فہیم اکرم کے خلاف امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
امریکی حکام کی جانب سے عائد کردہ الزامات اور پاکستان میں جاری تحقیقات کے تناظر میں اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر مبینہ مالی فراڈ کے ایک اہم کیس کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔



