عوام ایکسپریس میں مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ، ریلوے افسران کا ٹرین اور پلیٹ فارمز کا معائنہ

لاہور(عمران اسلم) ڈپٹی چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ کوچنگ بشریٰ رحمان نے عوام ایکسپریس ٹرین کا تفصیلی معائنہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران ٹرین میں صفائی ستھرائی، ٹوائلٹس میں پانی کی دستیابی، سیٹس کی حالت، لائٹنگ، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کو چیک کیا گیا۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
بشریٰ رحمان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹرینوں میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی مؤثر اور سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ دورانِ سفر مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
بعد ازاں انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز کا بھی معائنہ کیا اور صفائی سمیت مسافروں کے لیے دستیاب دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔



