مکہ دفاعی اتحاد کا سعودی عرب میں فوری فوجی قوت تعینات کرنے کا فیصلہ

مکہ دفاعی اتحاد نے سعودی عرب میں فوری فوجی قوت تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ ان کی مدتِ تقرری 3 سال ہوگی۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف کسی بھی حملے یا دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری کو سراہا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت اور ضروری فوجی قوت و صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی صلاحیت، فوجی انضمام اور خطرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔



