latest newssci&tech

اے آئی کے فوائد کیلئے کچھ منفی اثرات برداشت کرنا ہوں گے، سام آلٹمین

واشنگٹن: اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے معاشی اور تکنیکی فوائد حاصل کرنے کے لیے معاشرے کو اس کے بعض منفی اثرات برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں سام آلٹمین نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس تک بڑے پیمانے پر عوام کی رسائی اور سسٹمز پر مناسب کنٹرول کے ذریعے اس سے وابستہ خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تباہ کن نوعیت کے خطرات کی روک تھام ضروری ہے، تاہم اے آئی کے روزمرہ استعمال کے دوران کچھ منفی اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔ ان کے بقول ٹیکنالوجی کے فوائد ان منفی اثرات پر غالب آ سکتے ہیں۔

سام آلٹمین کا کہنا تھا کہ معاشرے کو اے آئی کی پیشرفت اور عوامی رسائی برقرار رکھنے کے لیے اس کے بعض منفی اثرات کو قبول کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اوپن اے آئی اور حریف کمپنی اینتھروپک کی جانب سے جدید اے آئی ماڈلز کی تیاری کی دوڑ کو کچھ سست کرنے اور حفاظتی اقدامات میں مزید سرمایہ کاری پر زور دیا گیا ہے۔

اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو داریو اموڈے نے بھی اے آئی کی ترقی کی رفتار فوری طور پر کم کرنے کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتار پیشرفت کے نتیجے میں خودمختار اے آئی ایجنٹس سے بڑے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی کی پیشرفت سے متعلق بعض خدشات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سازش اور افواہ قرار دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button