ادب افریقا کے نوبیل چراغ : نڈین گورڈیمر : نسل پرستی، طبقاتی تقسیم، محبت اور آزادی
خالد منصور

نڈین گورڈیمر جنوبی افریقہ کی ممتاز ناول نگار، افسانہ نگار اور مضمون نویس تھیں جنہوں نے اپنی طویل ادبی زندگی میں جنوبی افریقہ کے سماجی، نسلی اور سیاسی تضادات کو انتہائی گہرائی سے پیش کیا۔ انہیں 1991ء میں ادب کا نوبیل انعام دیا گیا۔ نوبیل کمیٹی نے ان کے لیے لکھا کہ ان کی شاندار رزمیہ تحریروں نے انسانیت کے لیے بہت اہم ادبی خدمت انجام دی۔

گورڈیمر کی ادبی شناخت کا سب سے نمایاں پہلو نسلی امتیاز (اپارتھائیڈ) کے دور میں انسانی زندگی، نسل پرستی، طبقاتی تقسیم، آزادی، محبت اور اخلاقی کشمکش کی عکاسی ہے۔ ان کے ناول محض سیاسی حالات کی داستان نہیں بلکہ اس بات کا مطالعہ بھی ہیں کہ ایک ظالمانہ سماجی نظام انسان کی شخصیت، رشتوں اور روزمرہ زندگی کو کس طرح متاثر کرتا ہے۔ نوبیل کے ایک تفصیلی ادبی مطالعے کے مطابق ان کی تحریروں نے جنوبی افریقہ کی تقریباً نصف صدی کی تاریخی اور نفسیاتی تبدیلیوں کو محفوظ کیا۔
نڈین گورڈیمر 20 نومبر 1923ء کو جنوبی افریقہ کے شہر سپرنگز میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کا تعلق یہودی مہاجر خاندان سے تھا جبکہ ان کی والدہ برطانوی تھیں۔ گورڈیمر نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ جوہانسبرگ ہی میں گزارا۔ انہوں نے اوائل عمر ہی سے قلم تھام لیا تھا، صرف 15 برس کی عمر میں ان کی پہلی تحریر شائع ہوئی۔

بچپن ہی میں انہیں جنوبی افریقہ کے نسلی امتیاز کا مشاہدہ ہوا۔ پولیس کی جانب سے ایک سیاہ فام ملازمہ کے کمرے کی تلاشی کے واقعے نے ان کے ذہن پر گہرا اثر ڈالا۔ یونیورسٹی کے زمانے میں سیاہ فام نوجوان لکھنے والوں سے ان کی ملاقاتوں نے بھی ان کے خیالات کو وسعت دی اور یہی تجربات آگے چل کر ان کے ادبی شعور کا بنیادی حصہ بنے۔

گورڈیمر کی پہلی باقاعدہ کتاب Face to Face 1949ء میں شائع ہونے والا افسانوی مجموعہ تھا۔ 1953ء میں ان کا پہلا ناول The Lying Days سامنے آیا۔ اس ناول میں ایک سفید فام لڑکی کی ذہنی اور سماجی بیداری کے ذریعے جنوبی افریقہ کے نوآبادیاتی اور نسلی ماحول کو دیکھا گیا ہے۔
گورڈیمر کے ابتدائی افسانوں میں ہی یہ خصوصیت نمایاں ہو جاتی ہے کہ وہ بڑے سیاسی مسائل کو براہِ راست نعروں کے ذریعے نہیں بلکہ عام انسانوں کے تجربات، رشتوں اور نفسیاتی کیفیات کے ذریعے بیان کرتی ہیں۔

1958 ء میں شائع ہونے والا A World of Strangers ان کے اہم ابتدائی ناولوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں جنوبی افریقہ کے مختلف نسلی اور سماجی طبقات کے درمیان تعلقات اور فاصلے کو موضوع بنایا گیا۔گورڈیمر نے یہ دکھایا کہ محض ذاتی نیک نیتی اور انسانی ہمدردی ایک ایسے نظام کو تبدیل نہیں کر سکتی جس کی بنیاد ہی نسلی امتیاز پر قائم ہو۔ نوبیل کے ادبی مطالعے کے مطابق یہ ناول سفید فام لبرل ازم کی اس مشکل کو سامنے لاتا ہے جو نسل پرستانہ نظام کے بنیادی ڈھانچے کو چیلنج کیے بغیر محض ذاتی تعلقات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے۔

Occasion for Loving (1963) میں گورڈیمر نے محبت، دوستی اور نسل پرستانہ قوانین کے باہمی تصادم کو پیش کیا۔ جنوبی افریقہ میں نسل کی بنیاد پر بنائے گئے قوانین نے انسانی تعلقات تک کو متاثر کر دیا تھا۔یہ ناول اس سوال کو سامنے لاتا ہے کہ اگر معاشرہ انسانوں کو ان کی جلد کے رنگ کی بنیاد پر تقسیم کرے تو کیا ذاتی محبت اور انسانی ہمدردی اس تقسیم سے آزاد رہ سکتی ہے؟
یہاں گورڈیمر کا ایک اہم ادبی وصف سامنے آتا ہے: وہ سیاسی مسئلے کو صرف سیاسی مسئلہ نہیں رہنے دیتیں بلکہ اسے انسانی جذبات اور نجی زندگی کا مسئلہ بنا دیتی ہیں۔

1966 ء کا ناول The Late Bourgeois World بھی جنوبی افریقہ کی سیاسی صورتحال اور نسل پرستی کے خلاف مزاحمت کے سوالات سے وابستہ ہے۔ اس ناول میں خاص طور پر یہ کشمکش نمایاں ہے کہ ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والے انسان کے لیے اخلاقی طور پر درست راستہ کیا ہے۔ کیا صرف خاموش مخالفت کافی ہے یا جابرانہ نظام کے خلاف عملی مزاحمت ضروری ہو جاتی ہے؟
گورڈیمر نے یہاں بھی کسی آسان جواب کے بجائے کرداروں کی داخلی کشمکش کو اہمیت دی۔ نوبیل کے ادبی جائزے میں اس ناول کو نیلسن منڈیلا کی جانب سے پُرامن مزاحمت سے تخریبی مزاحمت کی طرف منتقلی کے تاریخی پس منظر سے جوڑا گیا ہے۔

1971 ء میں شائع ہونے والا A Guest of Honour گورڈیمر کی وسیع تاریخی اور سیاسی بصیرت کا اہم نمونہ ہے۔ ناول میں نوآبادیاتی نظام کے خاتمے اور ایک نئے افریقی سیاسی نظام کے قیام کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کو موضوع بنایا گیا۔ گورڈیمر نے دکھایا ہے کہ آزادی حاصل کرنا ایک اہم مرحلہ ضرور ہے لیکن آزادی کے بعد اقتدار، نظریات، بدعنوانی، سیاسی اختلافات اور ذاتی مفادات نئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔
یہاں ان کا ادبی دائرہ نسلی امتیاز سے آگے بڑھ کر پورے نوآبادیاتی اور بعد از نوآبادیاتی افریقہ کے مسائل تک پھیل جاتا ہے۔

گورڈیمر کے اہم ترین ناولوں میں The Conservationist (1974) خاص مقام رکھتا ہے۔ اسی ناول نے انہیں بین الاقوامی سطح پر بڑی ادبی شناخت دلائی اور اسے 1974ء کا Booker Prize بھی ملا۔
ناول کا مرکزی کردار مہرنگ ایک سفید فام سرمایہ دار ہے جو جنوبی افریقہ میں زمین کا مالک ہے۔ بظاہر وہ قدرت اور زمین کا محافظ دکھائی دیتا ہے، مگر اس کے کردار کے ذریعے گورڈیمر ملکیت، طاقت اور نسلی اقتدار کے تضاد کو سامنے لاتی ہیں۔
ناول میں ایک نامعلوم سیاہ فام شخص کی لاش کا ملنا ایک طاقتور علامت بن جاتا ہے۔ زمین جس پر سفید فام مالک اپنا حق سمجھتا ہے، وہ دراصل تاریخ اور ان لوگوں کی موجودگی سے بھی وابستہ ہے جنہیں اس نظام نے بے دخل کیا۔ نوبیل کے ادبی مطالعے میں اس ناول کو گورڈیمر کی انتہائی علامتی اور شاعرانہ تخلیقات میں شمار کیا گیا ہے۔

Burger’s Daughter (1979) گورڈیمر کا ایک اور اہم ناول ہے۔ اس میں ایک ایسے خاندان کی کہانی کے ذریعے جنوبی افریقہ کی سیاسی جدوجہد کو دیکھا گیا جس کی زندگی نسل پرستی کے خلاف مزاحمت سے جڑی ہوئی ہے۔
ناول کا تعلق کمیونسٹ وکیل برام فشر کی زندگی اور سیاسی جدوجہد سے بھی ادبی طور پر جوڑا جاتا ہے۔ گورڈیمر نے اسے کسی شخصیت کی براہِ راست سوانح بنانے کے بجائے سیاسی یقین، خاندانی ورثے اور قربانی کے وسیع تر سوالات پر غور کرنے کا ذریعہ بنایا۔ ناول میں یہ سوال سامنے آتا ہےکہ ایک فرد کیا اپنے خاندان اور سیاسی ورثے کی ذمہ داری سے آزاد ہو سکتا ہے؟

1981ء کا ناول July’s People گورڈیمر کی سب سے معروف تخلیقات میں شامل ہے۔ کہانی میں ایک سفید فام متوسط طبقے کا خاندان جنوبی افریقہ میں ہونے والی ممکنہ سیاسی اور نسلی بغاوت کے دوران اپنے سیاہ فام ملازم جولائی کے سہارے پر منحصر ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال کے ذریعے گورڈیمر طاقت کے روایتی رشتوں کو الٹ دیتی ہیں۔
جو شخص برسوں تک گھر میں ملازم تھا، وہ اچانک اپنے سابق مالکان کے لیے بقا کا بنیادی ذریعہ بن جاتا ہے۔ اس تبدیلی سے نسل، طبقے، اختیار اور شناخت کے بارے میں بنیادی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ گورڈیمر نے اس ناول کے ذریعے مستقبل کا ایک تخیلاتی منظرنامہ تخلیق کیا جس میں نسلی امتیاز کے قائم کردہ طاقت کے رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔

1987 ء میں شائع ہونے والا A Sport of Nature گورڈیمر کی زیادہ وسیع سیاسی اور تاریخی تخلیقات میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی مرکزی کردار ہِلیلا (Hillela) ہے، جس کی زندگی کے ذریعے افریقہ کی نوآبادیاتی اور سیاسی تبدیلیوں کو دیکھا جاتا ہے۔
اس ناول میں گورڈیمر نے ذاتی زندگی، جنسی آزادی، سیاسی تبدیلی اور افریقی آزادی کی تحریکوں کو ایک وسیع بیانیے میں سمویا۔ ناول کی آخری سطح پر جنوبی افریقہ کے ایک نئے سیاسی مستقبل کا تصور بھی ابھرتا ہے۔

My Son’s Story (1990) نوبیل انعام سے صرف ایک سال پہلے شائع ہوا۔ اس ناول میں ایک سیاہ فام استاد اور سیاسی کارکن سونی کی زندگی کے ذریعے خاندان، محبت، سیاست اور مزاحمت کے باہمی تعلقات کو پیش کیا گیا۔
یہاں گورڈیمر کا موضوع صرف ریاستی جبر نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ سیاسی جدوجہد انسان کے گھریلو اور نجی رشتوں کو کس طرح بدل دیتی ہے۔ ایک شخص بیک وقت باپ، شوہر، استاد اور سیاسی کارکن ہونے کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اندرونی کشمکش کا شکار ہوتا ہے۔
1991ء میں نڈین گورڈیمر جنوبی افریقہ کی پہلی نوبیل ادبی انعام یافتہ شخصیت عالمی سطح پر ساتویں خاتون تھیں۔ نوبیل کمیٹی نے ان کے ادبی کام کو جنوبی افریقہ کی تاریخ اور انسانی تجربے کی گہری عکاسی کے حوالے سے سراہا۔ ان کی تحریروں میں جنوبی افریقہ کے تاریخی حالات محض پس منظر نہیں بلکہ کرداروں کی زندگی، سوچ اور تعلقات کو تشکیل دینے والی قوت بن جاتے ہیں۔
گورڈیمر نسل پرستی کے خلاف عملی اور ادبی سطح پر سرگرم رہیں۔ ان کی متعدد کتابیں اپارتھائیڈ حکومت کے دور میں ممنوع بھی قرار دی گئیں۔ ان کے ہاں عام انسان کی زندگی بڑی تاریخی تبدیلیوں سے الگ نہیں۔ سیاسی حالات کرداروں کے گھر، محبت، دوستی، پیشے اور خاندانی تعلقات تک پہنچتے ہیں۔

گورڈیمر کے اہم موضوعات میں محبت اور سیاست نمایاں ہیں۔ ان کے نزدیک ذاتی تعلقات بھی معاشرے کے سیاسی اور نسلی ڈھانچے سے متاثر ہوتے ہیں۔ ان کے ناولوں میں خواتین کو محض ضمنی کردار نہیں بلکہ پیچیدہ، آزاد سوچ رکھنے والی اور اپنے فیصلوں سے نبردآزما شخصیتوں کے طور پر پیش کیا گیا۔گورڈیمر اپنے کرداروں کو مکمل طور پر اچھا یا برا بنا کر پیش نہیں کرتیں۔ ان کے کردار سیاسی جدوجہد، ذاتی خواہشات، خوف، محبت، مفادات اور اخلاقی ذمہ داریوں کے درمیان پھنسے ہوئے نظر آتے ہیں۔
گورڈیمر کا اسلوب نفسیاتی گہرائی، علامت، حقیقت نگاری اور تاریخی شعور کا امتزاج ہے۔ ان کے ہاں سیاسی واقعہ اکثر کردار کے اندرونی تجربے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ نوبیل کے تفصیلی مطالعے میں بھی ان کی یہ خصوصیت نمایاں کی گئی ہے کہ وہ مشکل سوالات کو واضح شکل دیتی ہیں لیکن لازماً کوئی تیار جواب فراہم نہیں کرتیں۔
نوبیل انعام کے بعد بھی گورڈیمر کی تخلیقی سرگرمیاں ختم نہیں ہوئیں۔ 1990ء کی دہائی میں جنوبی افریقہ اپارتھائیڈ سے نکل کر ایک نئے جمہوری دور میں داخل ہوا تو گورڈیمر نے اپنی توجہ نئے معاشرتی مسائل کی طرف منتقل کی۔ None to Accompany Me (1994) اور The House Gun (1998) جیسے ناولوں میں وہ آزاد ہوتے ہوئے جنوبی افریقہ کے نئے مسائل، تشدد، قانون، شناخت اور بدلتے ہوئے سماجی تعلقات کا جائزہ لیتی ہیں۔
گورڈیمر کے نزدیک نسلی امتیاز کا خاتمہ تاریخ کا اختتام نہیں تھا بلکہ ایک نئے دور کا آغاز تھا۔ اسی لیے ان کی بعد کی تحریروں میں یہ سوال نمایاں ہے کہ سیاسی آزادی کے بعد معاشرہ اپنے ماضی، تشدد اور عدم مساوات سے کس طرح نمٹے گا۔
اگرچہ گورڈیمر اپنے ناولوں کی وجہ سے عالمی سطح پر زیادہ معروف ہوئیں، لیکن ان کی مختصر کہانیاں بھی ان کے ادبی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ نوبیل کے مطابق انہوں نے اپنے نصف صدی سے زائد کے ادبی سفر میں 13 ناول، 200 سے زیادہ افسانے اور متعدد مضامین تحریر کیے۔ ان کی تخلیقات کا ترجمہ 30 سے زیادہ زبانوں میں ہوا۔
گورڈیمر کی تحریریں محض جنوبی افریقہ کی سیاسی تاریخ نہیں بلکہ انسان، آزادی، شناخت، انصاف اور اخلاقی ذمہ داری کے عالمگیر سوالات سے بھی تعلق رکھتی ہیں۔جن میں جنوبی افریقہ کی تاریخ، نسل پرستی کے خلاف مزاحمت، انسانی محبت، طبقاتی تقسیم، سیاسی جدوجہد اور فرد کی اخلاقی کشمکش ایک دوسرے سے جڑی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔



