پیرس فیشن ویک کا آغاز، نئے ڈیزائنرز اور بڑے برانڈز کی توجہ کا مرکز

پیرس ویمنز فیشن ویک کا آغاز جنوبی افریقی برانڈ MaXhosa Africa کے ڈیبیو شو سے ہوگیا، جبکہ کینیڈین برانڈ Matieres Fecales بھی اپنی نئی کلیکشن پیش کرے گا۔
فیشن ویک میں موسم بہار و گرما 2027 کے لیے مجموعی طور پر 67 کیٹ واک شوز منعقد ہوں گے، جبکہ درجنوں دیگر برانڈز پیرس میں نجی نمائشوں اور تقریبات کے ذریعے اپنی کلیکشنز پیش کریں گے۔
معروف فیشن ہاؤسز Christian Dior اور Saint Laurent منگل کو اپنے ماڈلز ریمپ پر اتاریں گے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق Saint Laurent کے بیلجیئن ڈیزائنر Anthony Vaccarello کا یہ آخری شو ہوسکتا ہے، جو گزشتہ ایک دہائی سے برانڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیشن انڈسٹری کو اس وقت مشکل کاروباری حالات کا سامنا ہے۔ ماہرین کے مطابق کووڈ کے بعد چند برسوں میں لگژری مارکیٹ میں تیزی آئی، تاہم 2023 کے عروج کے بعد مارکیٹ میں استحکام دیکھا گیا ہے۔
اس کے باوجود کچھ برانڈز بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ Chanel میں Matthieu Blazy کی آمد کے بعد برانڈ کی نئی کلیکشنز نے خاصی توجہ حاصل کی ہے اور بعض بوتیکس کے باہر صارفین کی قطاریں بھی دیکھی گئی ہیں۔
جنوبی افریقی برانڈ MaXhosa Africa کے بانی Laduma Ngxokolo بھی پہلی بار پیرس فیشن ویک کے آفیشل پروگرام میں شو پیش کریں گے۔ برانڈ جنوبی افریقہ کی ثقافت اور ژوسا (Xhosa) عوام کی روایات کو اجاگر کرتا ہے۔
کینیڈین برانڈ Matieres Fecales بھی اپنی منفرد ڈیزائننگ کے باعث مشہور ہوا ہے اور متعدد معروف شخصیات اس کے ملبوسات پہن چکی ہیں۔
پیرس فیشن ویک میں دنیا کے بڑے فیشن برانڈز کے ساتھ معروف شخصیات کی شرکت بھی توجہ کا مرکز رہتی ہے، جن میں گزشتہ سیزن کے دوران مارگو روبی، نکول کڈمین، کِم کارڈیشین، جینیفر لارنس، روزالیا، زینڈیا اور این ہیتھ وے سمیت کئی عالمی شخصیات شامل تھیں۔



