ٹرمپ جوہری پروگرام پر ٹھوس اقدامات کے بدلے ایران کو اقتصادی ریلیف دینے پر تیار: امریکی میڈیا

امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی کے بدلے پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی فنڈز بحال کرنے پر تیار ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق قطر اور پاکستان کے ثالث رواں ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے دوبارہ کوششیں کر رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔
ایران مذاکرات میں آبنائے ہرمز اور امریکی بحری ناکہ بندی کو مرکزی موضوع بنانا چاہتا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی توجہ ایران سے جوہری پروگرام پر ٹھوس یقین دہانیاں حاصل کرنے پر ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ واشنگٹن کو ایران کے وعدوں پر شکوک ہیں اور امریکا اس بار محض وعدوں کے بجائے قابلِ عمل یقین دہانی چاہتا ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے ایرانی ثالثوں سے بات چیت کی ہے، تاہم انہوں نے مذاکرات کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے خلاف ’’بہت جلد‘‘ جنگ جیت جائے گا اور گیس کی قیمتیں بھی تیزی سے کم ہوں گی۔
واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی کی بھی نیویارک میں ثالثوں سے ملاقات متوقع تھی۔



