latest newsSports

برلن میراتھون: پاکستانی رنرز کی شاندار شرکت

ماہین شیخ اور عائشہ اختر نے 6 اسٹار اعزاز حاصل کرلیا

برلن: دنیا کی آٹھ بڑی میراتھونز میں شامل 52ویں برلن میراتھون میں دو درجن کے قریب پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز نے شرکت کی، جبکہ لاہور میں پیدا ہوکر امریکا میں مقیم محمد عزیر بٹ پاکستانی رنرز میں نمایاں رہے۔

محمد عزیر بٹ نے اپنی پہلی ہی مکمل میراتھون 3 گھنٹے 21 منٹ 27 سیکنڈ میں مکمل کی۔ برطانوی پاکستانی محمد صمد صدیقی نے 3 گھنٹے 25 منٹ 44 سیکنڈ کے ساتھ دوسری بہترین پاکستانی ٹائمنگ حاصل کی، جبکہ کراچی کے 19 سالہ منیر عمران نے شاندار نیگیٹو اسپلٹ کے ساتھ 3 گھنٹے 45 منٹ 7 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

کراچی کے بلال عمر نے 3 گھنٹے 47 منٹ 9 سیکنڈ جبکہ کینیڈا میں مقیم سیف اللہ نے 3 گھنٹے 48 منٹ 10 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی۔

برلن میراتھون Abbott World Marathon Majors کا حصہ ہے اور اس کے 52ویں ایڈیشن میں 162 ممالک کے 56 ہزار سے زائد رنرز شریک ہوئے۔

محمد عزیر بٹ، جو پیشے کے اعتبار سے ہیلتھ کیئر کنسلٹنٹ ہیں، نے ابتدائی 10 کلومیٹر 42 منٹ 43 سیکنڈ میں مکمل کیے، جبکہ ہاف میراتھون کا مرحلہ 1 گھنٹہ 30 منٹ 38 سیکنڈ میں طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے میراتھون اسٹیجز میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی خاص تجربہ تھا اور پاکستانی پرچم کے ساتھ برلن کی سڑکوں پر دوڑنے کا احساس وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔

کراچی کے 19 سالہ منیر عمران نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے ریس کا پہلا نصف 1 گھنٹہ 53 منٹ 39 سیکنڈ میں مکمل کیا، جبکہ دوسرے نصف میں اپنی رفتار بہتر کرتے ہوئے اسے تقریباً 1 گھنٹہ 51 منٹ 28 سیکنڈ میں مکمل کیا اور نیگیٹو اسپلٹ کے ساتھ مجموعی وقت 3 گھنٹے 45 منٹ 7 سیکنڈ رہا۔

دوسری جانب ماہین شیخ نے 3 گھنٹے 56 منٹ 8 سیکنڈ میں برلن میراتھون مکمل کرکے تمام چھ ورلڈ میراتھون میجرز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انہوں نے اپنا 6 اسٹار سفر صرف دو سال پانچ ماہ میں مکمل کیا۔ ماہین کے مطابق انہوں نے 2023 کے اواخر میں صرف 13 ہفتوں کی تیاری کے بعد اپنی پہلی مکمل میراتھون دوڑی تھی۔

پاکستانی نژاد امریکی رنر عائشہ اختر نے بھی 4 گھنٹے 53 منٹ 33 سیکنڈ میں برلن میراتھون مکمل کرکے سکس اسٹار اعزاز اپنے نام کرلیا۔

برطانوی پاکستانی محمد طارق نے برلن میراتھون میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔ وہ فلسطینی پرچم اور کفایہ کے ساتھ ریس میں شریک ہوئے اور 5 گھنٹے 2 منٹ 52 سیکنڈ میں اپنی پہلی میراتھون اور پہلا ورلڈ میراتھون میجر مکمل کیا۔

برلن میراتھون کی مینز ایلیٹ ریس ایتھوپیا کے گوئے اڈولا نے 2 گھنٹے 2 منٹ 50 سیکنڈ میں جیتی، جبکہ ویمنز ریس میں ایتھوپیا کی ٹگسٹ اسیفا 2 گھنٹے 11 منٹ 4 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ فاتح رہیں۔

برلن میراتھون میں پاکستانی فنشرز

محمد عزیر بٹ — 3:21:27
محمد صمد صدیقی — 3:25:44
منیر عمران — 3:45:07
بلال عمر — 3:47:09
سیف اللہ — 3:48:10
ماہین شیخ — 3:56:08 (سکس اسٹار)
عمران غیور احمد — 4:09:38
محمد زبیر عمر — 4:14:24
حماد علی — 4:17:49
خالد شیخ — 4:29:35
عائشہ اختر — 4:53:33 (سکس اسٹار)
فاطمہ چوہدری — 4:59:09
عمر انصاری — 4:59:43
محمد طارق — 5:02:52
مہوش حنیف — 5:09:48
فرہاد ناصر — 5:18:29
جنید میمن — 5:24:18
محمد ریحان رفیع — 5:27:19
سلیمہ علی — 5:28:17
فہد ندیم — 5:35:28
محمد زبیری — 5:45:30
عامر انور بھگت — 6:09:54

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button