پی ٹی آئی کا اسلام آباد لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی، سہیل آفریدی کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ 27 ستمبر کے بجائے 4 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ سیاسی کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے، یہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے اور جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جاری رہے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور خیبرپختونخوا کے راستے بند کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی اور پرامن جماعت ہے اور لانگ مارچ کے بعد بھی مذاکرات جاری رہیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر عدالتیں کام کرنا شروع کردیں تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت آدھے گھنٹے میں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے خیبرپختونخوا کو ملک کے دیگر حصوں سے کاٹے جانے کے معاملے پر ایکشن لینے کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق گورنر راج آئینی اقدام ہے اور ماضی میں بھی مختلف صوبوں میں نافذ کیا جاچکا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پارٹی اس کی تیاری نہیں کر رہی اور کارکن گرفتاریاں دے رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔



