پنجاب میں مونٹیسوری سے پانچویں جماعت تک نیا نصاب اپریل 2027 سے نافذ ہوگا

لاہور (ہم شہری) پنجاب میں مونٹیسوری سے پانچویں جماعت تک نئے نصاب کی کتابیں اپریل 2027 سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال میں دستیاب ہوں گی۔
پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTAA) کے سی ای او موسیٰ علی بخاری کے مطابق نئے نصاب کا مقصد طلبہ پر کتابوں کا بوجھ کم کرنا اور رٹہ سسٹم کے بجائے سیکھنے کے نتائج بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نصاب کی تیاری کے بعد اسے کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کو جائزے اور عالمی نصاب سے موازنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ کیمبرج دسمبر 2026 میں حتمی مواد فراہم کرے گا، جس کے بعد جنوری 2027 میں کتابوں کی طباعت شروع ہوگی۔
نئے نصاب کے تحت کتابوں کے صفحات اور مجموعی حجم میں تقریباً 25 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ کتابوں میں کیو آر کوڈز شامل ہوں گے جن کے ذریعے طلبہ ویڈیو اسباق تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں جماعت اول سے بارہویں تک مصنوعی ذہانت (AI) کا نصاب تیار کرنے اور اسکولوں میں کمپیوٹر لیبارٹریز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں اساتذہ کی تربیت کے لیے ہفتہ کا دن مختص کرنے، ذہنی صحت سے متعلق تربیت، اضلاع میں وزٹنگ سائیکالوجسٹس کی تعیناتی اور طلبہ کے لیے آن لائن کاؤنسلنگ کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ اسکولوں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اصولی اتفاق کیا گیا، جبکہ جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ’’ڈسپلن کارنرز‘‘ قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔
حکام کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگریزی زبان کی تربیت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔



