بھارت: چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ، 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن

بھارت میں اپوزیشن جماعت نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دے دی، بصورت دیگر ملک گیر احتجاج شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ مطالبہ ایک اخباری رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دو الیکشن کمشنرز نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ووٹر فہرستوں کی تبدیلی اور اپ ڈیٹ کے عمل پر کم از کم 14 مرتبہ تحفظات کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق اعتراضات نئے ووٹرز کے اندراج، ووٹرز کے نام فہرستوں سے نکالنے اور دوبارہ شامل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق تھے۔ الیکشن کمشنرز نے نئے ووٹرز کے آن لائن فارم 6 میں کی گئی بعض تبدیلیوں پر بھی سوالات اٹھائے۔
اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ ووٹر فہرستوں میں مبینہ ردوبدل کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو انتخابی فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے بعد مذکورہ جماعت کے سربراہ ابھیجیت ڈِپکے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے 48 گھنٹوں میں استعفیٰ نہ دیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔



