latest newsPolitics

خیبرپختونخوا میں غیر اعلانیہ گورنر راج ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں غیر اعلانیہ گورنر راج ہے، صوبے کے عوام، مینڈیٹ، وزیراعلیٰ اور ارکان اسمبلی کا احترام ہونا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی نے اپنا پروگرام پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ان پر اعتماد ہے اور وہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے پیش نظر موجودہ سنجیدہ حالات میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے۔ سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کی بات سنی اور شکایات حل کی جانی چاہئیں۔ پی ٹی آئی پرامن ہے اور اپنے حقوق اور انصاف کے لیے آواز اٹھا رہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پارٹی نے کوئی چار رکنی کمیٹی تشکیل نہیں دی۔ علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی مذاکرات کے حوالے سے جو مناسب سمجھیں، کر سکتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پرامن تھی، پرامن ہے اور پرامن رہے گی، اداروں یا اسلام آباد پر حملہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سیاسی جماعت کے خلاف ایسے تاثر سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی میدان سے باہر کرنے کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button