جمہوری حکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو خیبرپختونخوا کے نوجوان اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کسی پولیس افسر کو سیاسی یا ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے یا غلط ایف آئی آر درج کرنے کا حکم نہیں دیا۔
پشاور میں امن و امان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر وفاقی اداروں کے ذریعے پولیس کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا تو صوبائی حکومت اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی مسلح جدوجہد یا یلغار کے لیے نہیں بلکہ پرامن احتجاج کے لیے جا رہی ہے۔ آئین میں حقِ اجتماع موجود ہے، اس لیے احتجاج کریں گے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔
انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، ملک میں یکجہتی اور امن چاہتے ہیں تو انہیں رہا کرکے دوبارہ وزیراعظم بنانا ہوگا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ عوامی مینڈیٹ سے حکومت میں آئے ہیں، اگر جمہوری حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تو خیبرپختونخوا کے نوجوان ’’اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ’’ٹیسٹ میچ‘‘ ہے، پہلے ٹک ٹک کریں گے پھر چھکے ماریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی جماعتیں اپنی مرضی کی جگہ جلسہ کریں، اگر ان کے جلسے میں پی ٹی آئی کے جلسے سے زیادہ لوگ آگئے تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔



