نادرا سے مشابہ جعلی ویب سائٹ چلانے والے 2 ملزمان لاہور سے گرفتار، 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد

لاہور(ابوغازی) نادرا کے نام سے مشابہ جعلی ویب سائٹ چلانے والے دو ملزمان کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ارسلان اور علی رضا کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا حاصل کرکے اسے غیر قانونی طور پر فروخت کیا۔ برآمد ہونے والے ڈیٹا میں سم کارڈ کی ملکیت و رجسٹریشن، سم ڈیٹا بیس، کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری سمیت مختلف سرکاری اداروں سے متعلق حساس معلومات بھی موجود ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے "منی نادرا” کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جس کے ذریعے نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت کی جاتی تھی۔ ملزمان پر "کھوجی” نامی پلیٹ فارم تک غیر قانونی رسائی میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے دو موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ برآمد کیے گئے 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔



