شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہوں جو 5 سالہ مدت مکمل کریں، خواہش ہے: بلاول بھٹو

کراچی میں جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کے معاشی اثرات کا بوجھ پاکستان کا ہر شہری اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا۔ بدقسمتی سے فی الحال امن کا کوئی معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دے رہا اور اگر ایسا معاہدہ ہو بھی جاتا ہے تو معاشی بحران پر قابو پانے میں کافی وقت لگے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کی توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے اور ان کے کندھوں سے بوجھ کم کرنے پر مرکوز ہے، لیکن پاکستان میں حکمرانوں اور سیاست دانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا بند کردی ہے۔ بظاہر آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلزپارٹی تین نسلوں سے غریب، محنت کشوں، کسانوں اور پسماندہ طبقوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کی ترجیح محدود وسائل میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے سندھ کے بے نظیر ہاری کارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت 6 لاکھ افراد کی مدد کی جائے گی، گندم کے کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے جبکہ ان سے گندم خریدنے پر مزید 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا، ایک مرتبہ ان کی کابینہ میں بھی کام کیا اور اس مرتبہ بھی پیپلزپارٹی جس انداز میں حکومت کی حمایت کر رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اپنی ٹیم کے ذریعے معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا، تاہم وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں تاکہ معاشی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو معاشی مسائل پر توجہ دینے، اپنا ایجنڈا طے کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے منصوبہ پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔



