ایک سیریز کی جیت ٹیم کی کامیابی کا پیمانہ نہیں، استحکام کے لیے وقت درکار ہے: بابر اعظم

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں نیا جوش اور توانائی نظر آتی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور خصوصاً فیلڈنگ میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد دینا سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے مواقع کو مستقل کارکردگی میں تبدیل کریں۔ سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو ساتھ ملا کر نئی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی ضرورت ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مختلف کنڈیشنز اور حریف ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے۔ مشکل وقت میں کھلاڑیوں کا ردعمل، دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور رویہ ٹیم کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑی وقت کے ساتھ سیکھیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ وہ مشکل حالات میں بہتر فیصلے کرنا سیکھیں۔
قومی کپتان نے کہا کہ مسلسل اچھی کارکردگی کے لیے میچز جیتنا ضروری ہیں جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد اور اچھا ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ اچھے وقت سے سیکھتے ہیں لیکن مشکل وقت میں دگنا سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں صبر اور اپنے پلان پر عمل کرنا ضروری ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو مسلسل مناسب مواقع فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔



