latest newsPolitics

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کا چیف جسٹسز کو مشترکہ خط، آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام مشترکہ خط لکھ دیا۔

خط لکھنے والوں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری شامل ہیں، جنہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے خط ارسال کیا۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے، وہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کے طلب گار نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی حکم کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں تک رسائی اور علاج فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

قید رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے۔ سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔

خط میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کرسکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اسیر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں پر غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کیے جائیں، عدالتی کارروائی کو سیاسی و انتظامی مداخلت سے پاک رکھا جائے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button