Businesslatest news

انتھروپک کے آئی پی او سے 5100 ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف امریکی کمپنی انتھروپک کے اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھتے ہی اس کے ہزاروں ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے۔

کمپنی نے 19 نومبر کو امریکی اسٹاک مارکیٹ میں اپنا آغاز کیا، پہلے روز اس کی مالیت 1760 سے 1770 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، تاہم کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ ویلیو 1300 ارب ڈالر رہی۔

ریگولیٹری فائلنگز کے مطابق کمپنی کے 5300 ملازمین میں سے تقریباً 5100، یعنی 96 فیصد ملازمین کے حصص کی مالیت کم از کم 10 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو پاکستانی کرنسی میں 27 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 2800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی جبکہ 600 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر یا اس سے زیادہ ہوگئی۔

ماہرین کے مطابق 2021 میں قائم ہونے والی کمپنی میں ملازمین کی سینیارٹی کے بجائے کمپنی کے ساتھ طویل وابستگی زیادہ مالی فائدے کا باعث بنی۔ 2023 اور 2024 میں کمپنی کا حصہ بننے والے عام ملازمین کو بعد میں بھرتی ہونے والے سینئر عہدیداروں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ پہنچا۔

امریکی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ حصص دینا معمول ہے تاکہ انہیں طویل عرصے تک کمپنی سے وابستہ رکھا جاسکے، تاہم انتھروپک جیسی تیز رفتار ترقی اور ملازمین کو ملنے والے غیرمعمولی مالی فوائد کم ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔

2024 کے آخر تک کمپنی کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی، جبکہ اب اس میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے۔

کمپنی کے زیادہ تر ملازمین سان فرانسسکو میں مقیم ہیں، جس کے باعث ان کی اچانک دولت میں اضافے سے شہر میں مکانات کی قیمتوں پر مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔

انتھروپک نے آئی پی او کے پہلے روز ہی ملازمین کو اپنے حصص میں سے 10 فیصد تک فروخت کرکے نقد رقم حاصل کرنے کی اجازت دی، جس سے انہیں فوری مالی فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button