الیکشن کمیشن: عطاء تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کیس کا فیصلہ محفوظ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں عطاء اللہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عطاء اللہ تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا دورہ ذاتی نوعیت کا تھا اور انتخابی مہم چلانے کا مقصد نہیں تھا۔ وہ وکیل کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے جبکہ متعلقہ تقریب میں امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔
وکیل نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور ذمہ دار اراکین پارلیمان ہیں، کوئی ایسا کام نہیں کرسکتے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔ اس حوالے سے تحریری جواب بھی جمع کروا دیا گیا ہے اور غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے خود کو کمیشن کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ بے شک وکیل کی دعوت پر گئے تھے، لیکن آپ وفاقی وزیر بھی ہیں۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔



