بالوگن کے ریڈ کارڈ تنازع کے بعد فیفا کا ضابطۂ اخلاق میں ترمیم کا فیصلہ

زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکی فٹبالر فولارن بالوگن کی ورلڈ کپ میچ کے لیے خودکار پابندی معطل کرنے کے تنازع کے بعد اپنے تادیبی ضابطوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔
بیلجیئم فٹبال ایسوسی ایشن (آر بی ایف اے) نے جمعرات کو بتایا کہ اس معاملے پر فیفا سے وضاحت طلب کرنے کے بعد تنظیم نے اپنے ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 27 میں تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔
تنازع اس وقت سامنے آیا جب فیفا نے امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد ایک میچ کی خودکار پابندی معطل کر دی، جس کے نتیجے میں وہ بیلجیئم کے خلاف پری کوارٹر فائنل مقابلے میں کھیلنے کے اہل ہو گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد بھی سوالات اٹھے کہ انہوں نے ذاتی طور پر فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے پابندی پر نظرثانی کی درخواست کی تھی، جس سے تادیبی کارروائی کی خودمختاری پر بحث شروع ہوئی۔
فیفا کونسل کے جمعرات کو زیورخ میں ہونے والے اجلاس کے بعد آر بی ایف اے کی صدر اور فیفا کونسل کی رکن پاسکل وان ڈیمے نے کہا کہ فیفا اپنے ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 27 میں ترمیم کرے گا۔ یہ شق غیر معمولی حالات میں تادیبی سزا کے نفاذ کو معطل کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
بیلجیئم فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق مجوزہ ترمیم منظوری کے لیے 16 دسمبر کو دوحہ میں ہونے والے فیفا کونسل کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
وان ڈیمے نے کہا کہ آرٹیکل 27 میں ترمیم کی تصدیق ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق، بیلجیئم ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے درخواست جولائی میں بھی جمع کرائی تھی، جبکہ دوحہ اجلاس میں مجوزہ ترمیم کے ساتھ بالوگن کیس کے مخصوص حالات کی وضاحت بھی پیش کی جائے گی۔
آر بی ایف اے نے اس معاملے میں فیفا سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے آرٹیکل 27 کے اطلاق اور مستقبل میں ایسے ہی مقدمات کے لیے اختیار کیے جانے والے معیار کے بارے میں تسلی بخش جواب نہیں ملا۔
ایسوسی ایشن نے فیفا سے یہ یقین دہانی بھی مانگی کہ تادیبی کارروائی میں کسی بیرونی فریق نے مداخلت نہیں کی، پابندی معطل کرنے کے لیے غیر معمولی حالات کی وضاحت کی جائے اور مستقبل میں ایسے مقدمات میں رکن فٹبال ایسوسی ایشنز کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق دیا جائے۔
بیلجیئم ایسوسی ایشن کے مطابق فیفا نے جواب میں کہا کہ تمام فیصلے اس کے عدالتی ادارے آزادانہ طور پر کرتے ہیں اور آرٹیکل 27 میں ترمیم پر پہلے ہی کام جاری ہے۔
آر بی ایف اے نے شفافیت بڑھانے کے لیے بالوگن کیس کو جمعرات کے فیفا کونسل اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔



