latest newsSports

فیفا کا فٹبال کی ترقی کے لیے 6.35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

زیورخ: عالمی فٹبال کی تنظیم فیفا نے دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی کے لیے 6 ارب 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کردیا، جس کے تحت پاکستان سمیت 211 رکن ممالک کو فی کس ڈھائی کروڑ ڈالر تک فنڈز فراہم کرنے کی تجویز ہے۔

فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ تجارتی کامیابی کے بعد 2027 سے 2030 کے دوران فٹبال کی ترقی کے لیے مجوزہ فنڈنگ دگنی سے زیادہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تاہم اس منصوبے کی حتمی منظوری مارچ 2027 میں فیفا کانگریس سے مشروط ہوگی۔

فیفا کونسل دسمبر 2026 کے اجلاس میں نئے فنڈنگ منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔ مجوزہ فنڈز کی تقسیم میں خواتین اور نوجوانوں کے فٹبال، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ فیفا نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے ذخائر برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے متنازع فیفا فارورڈ انٹرپرائز منصوبے میں غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی اور اعلان کیا کہ یہ منصوبہ مستقل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسے کسی بھی شکل میں دوبارہ پیش نہیں کیا جائے گا۔

جیانی انفینٹینو نے کہا کہ فیفا کے فنڈز اس کے 211 رکن ممالک کی ملکیت ہیں۔ گزشتہ دس برس کے دوران فی رکن ملک فنڈنگ 10 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کے بقول فٹبال سب کے لیے اور دنیا کے ہر حصے میں ہے۔

فیفا صدر کے مطابق فیفا کونسل نے تنظیمی گورننس میں ممکنہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیفا پیس پرائز کا جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی متعلقہ کمیٹی کو سونپ دی گئی ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ دسمبر میں ہونے والے فیفا کونسل کے اجلاس میں متوقع ہے۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ امریکی فٹبالر فولارین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی مشروط طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد تادیبی قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیفا کی قانونی کمیٹی دسمبر میں ہونے والے کونسل اجلاس میں تادیبی طریقہ کار سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button