البانیہ میں طلبہ کے حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے، 51 پولیس اہلکار زخمی

تیرانا: یورپی ملک البانیہ میں تعلیمی نظام میں مبینہ بدعنوانیوں، ناقص سہولیات اور بے روزگاری کے خلاف طلبہ کے حکومت مخالف احتجاج نے شدت اختیار کر لی۔ مظاہرین نے وزیراعظم ایدی راما سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تیرانا میں احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں 51 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کیا جبکہ سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشنوں اور دکانوں میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔ مظاہرین نے وزارتِ تعلیم سمیت متعدد عمارتوں کو بھی آگ لگا دی۔
احتجاج کا دائرہ دارالحکومت سے نکل کر دیگر شہروں تک پھیل گیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 55 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب وزیراعظم ایدی راما نے استعفیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگی تعلیم سمیت طلبہ کی جائز شکایات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ تاہم، انہوں نے احتجاج کو البانیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔



