خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی پر عوام کی خاموشی لاکھوں افراد نکالنے کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے: شیر افضل مروت

اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے پر عوام کی خاموشی ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو لاکھوں افراد کو سڑکوں پر لانے کا بیانیہ بنا رہے تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پارٹی میں قبضہ مافیا کا راج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کو دو سے تین روز گزر چکے ہیں، لیکن خیبرپختونخوا کے عوام نے خاموش رہ کر اپنا ردعمل دیا ہے۔ ان کے بقول یہ خاموشی ان تمام لوگوں کے لیے طمانچہ ہے جو لاکھوں افراد کے سڑکوں پر نکلنے کے دعوے کر رہے تھے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کی ایک وجہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کا کبھی احتساب نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی میں نفرت، جھوٹ اور گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک مافیا میرٹ کی پامالی اور اپنے من پسند افراد کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے، جبکہ اس گروہ کے پاس سازشوں اور غیبت کے علاوہ کوئی کام نہیں۔
رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ دو ماہ بعد خیبرپختونخوا میں بانی پی ٹی آئی اور علی امین کا راج ہوگا۔
سڑکوں پر نکلنے سے متعلق سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ اس وقت سڑکوں پر نکلیں گے جب انہیں نکالنے والے خود ہاتھ باندھ کر ان سے واپسی کی درخواست کریں گے۔



