میڈیا اداروں میں چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پنجاب اسمبلی پریس گیلری کا احتجاج، کارروائی کا بائیکاٹ

احتجاجی مظاہرے سے پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر، پی یو جے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی اور پریس گیلری کے سیکرٹری سید عباس نقوی نے خطاب کیا۔
ارشد انصاری نے کہا کہ جی این این سے حال ہی میں درجنوں ملازمین کو اچانک برطرف کیا گیا ہے، جبکہ آج نیوز، سنو نیوز، سماء نیوز، ڈان نیوز، ایک نیوز، دنیا نیوز، نیو نیوز، نئی بات میڈیا گروپ اور دیگر اداروں سے بھی سینکڑوں میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے نکالا جا چکا ہے۔ برطرف ملازمین کو ان کے مکمل واجبات بھی ادا نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان کو پنجاب حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے اشتہارات دیے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ملازمین کو کئی کئی ماہ تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پہلے میڈیا ورکرز کی تنخواہیں ادا کی جائیں اور اس کے بعد مالکان کو اشتہارات کی ادائیگی کی جائے۔
ارشد انصاری نے مطالبہ کیا کہ میڈیا اداروں کو ملنے والے سرکاری اشتہارات کا آڈٹ کرایا جائے اور اشتہارات کی ادائیگی سے ملازمین کی تنخواہوں اور بقایاجات کی رقم براہ راست منہا کرکے انہیں ادا کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ کرنے سے قبل دو ماہ کا نوٹس دینا لازمی قرار دیا جائے۔
پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر نے کہا کہ میڈیا اداروں میں ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں، حکومت اس صورت حال کا نوٹس لے۔ قمرالزمان بھٹی اور سید عباس نقوی نے بھی میڈیا اداروں کا آڈٹ کرانے اور ورکرز کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ہدایت پر پانچ رکنی اسمبلی وفد نے احتجاجی صحافیوں سے ملاقات کی۔ وفد میں مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا ارشد، اپوزیشن کے چیف وہپ رانا شہباز، سمیع اللہ خان، طارق گل اور فرزانہ کمبوہ شامل تھے۔
وفد نے صحافیوں کے مطالبات سنے اور اسمبلی میں چیئرپرسن کو ان سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران چیئرپرسن نے وزیر اطلاعات اور پارلیمانی سیکرٹری کو ہدایت کی کہ صحافیوں کے مطالبات کے مطابق ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس کے تحت سرکاری اشتہارات کی ادائیگی سے ملازمین کی تنخواہوں کی رقم منہا کرکے انہیں بروقت ادا کی جا سکے۔
اسمبلی وفد کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی صحافیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔



