latest newsPakistan

یو ایم ٹی کا خیبر پختونخوا پولیس اور شہداء کے بچوں کے لیے 5 کروڑ روپے کے تعلیمی اسکالرشپس کا اعلان

لاہور: یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے خیبر پختونخوا پولیس کے حاضر سروس افسران و اہلکاروں اور پولیس شہداء کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے 5 کروڑ روپے کے اسکالرشپس مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو ٹیوشن فیس میں 90 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ ایک ہزار افراد کو مفت ڈیجیٹل تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ خصوصی تعلیمی پروگرام یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم حسن مراد کی دلچسپی اور سرپرستی میں منظور کیا گیا ہے، جس کا مقصد پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبر پختونخوا پولیس اور یو ایم ٹی لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر شیر اکبر خان جبکہ یو ایم ٹی کی جانب سے ڈائریکٹر سید بلال اور سینئر ایڈوائزر پروفیسر سجاد قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی، جن کے لیے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

معاہدے کا ایک اہم حصہ ڈیجیٹل مہارتوں کی مفت تربیت بھی ہے۔ یو ایم ٹی اپنے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم ’لائیو ایکس‘ کے ذریعے خیبر پختونخوا پولیس کے ایک ہزار حاضر سروس افسران و اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو جدید ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت فراہم کرے گی۔

اسکالرشپس اور تربیتی پروگراموں کے لیے امیدواروں کا انتخاب شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ یو ایم ٹی اور خیبر پختونخوا پولیس مشترکہ طور پر اہلیت کا معیار اور انتخابی طریقہ کار طے کریں گے۔ پولیس اہل امیدواروں کی نامزدگی اور ضروری دستاویزات کی فراہمی میں معاونت کرے گی، جبکہ یونیورسٹی درخواستوں کی جانچ پڑتال، تعلیمی رہنمائی اور منتخب امیدواروں کی کارکردگی کی نگرانی کرے گی۔

آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے اس اقدام کو پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور جدید مہارتوں کا حصول پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنے افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور شہداء کے خاندانوں کی معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button