latest newsPakistan

خیبر پختونخوا پولیس کے لیے 120 فیصد تک سیکیورٹی چیلنج الاؤنس تجویز

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی ادائیگی کا ڈرافٹ تیار کرکے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ارسال کردیا گیا ہے۔ مجوزہ ڈرافٹ میں مختلف علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کے 75 سے 120 فیصد تک الاؤنس دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ڈرافٹ کے مطابق جنوبی اضلاع، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور کوہاٹ ریجن سمیت تمام ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی تجویز ہے۔ دیگر آباد اضلاع کے اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کا 100 فیصد، جبکہ ہزارہ ریجن کے پولیس اہلکاروں کے لیے 75 فیصد الاؤنس تجویز کیا گیا ہے۔

ڈرافٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار ہے۔ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کے باوجود ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں، جبکہ پولیس کے سازوسامان اور آلات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

مجوزہ سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کے باعث خیبر پختونخوا پولیس کے ماہانہ اخراجات میں 5 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ڈرافٹ کے مطابق پولیس نے جدید اسلحے اور آلات کی خریداری کے لیے 13 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز بھی طلب کیے ہیں۔ مجوزہ خریداری میں بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس، ڈرونز اور بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس کے 19 جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 ارب 64 کروڑ روپے، جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مد میں مجموعی طور پر 12 ارب 22 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ڈرافٹ میں تکنیکی اپ گریڈیشن اور اے آئی پی ٹو اسکیموں کے لیے بھی فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button