پاکستان نے ایران کے خلاف امریکی بحریہ کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے کی خبر مسترد کردی

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے ان اطلاعات کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دے کر مسترد کردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکی بحریہ کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی امریکا میں قائم ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ اطلاعات بے بنیاد ہیں۔
بیان کے مطابق، اس قسم کی پوسٹس کا مقصد عوام میں سنسنی، مغالطے اور بے اعتمادی پیدا کرنا ہے۔ معتبر بین الاقوامی مبصرین کو ایسے پروپیگنڈے پر توجہ نہیں دینی چاہیے جس کا مقصد گمراہ کن تاثر قائم کرنا ہو۔
یہ سرکاری ردعمل بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق، ضلع چاغی کے ڈپٹی کمشنر بختیار اسماعیل نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ سیکیورٹی خدشات اور سرحدی انتظامات بہتر بنانے کے لیے ایران کے ساتھ تجارتی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو مؤثر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق، سرحد پر ضروری حفاظتی اور انتظامی انتظامات مکمل ہونے کے بعد تجارتی سرگرمیوں کے لیے سرحد دوبارہ کھول دی جائے گی۔
دوسری جانب سرحدی تجارت کی معطلی سے مقامی تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایران سے منسلک تجارتی گزرگاہوں کی اچانک اور غیر معینہ مدت کے لیے بندش سے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ضروری سیکیورٹی اقدامات جلد مکمل کرکے سرحدی تجارت بحال کی جائے، تاکہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوسکیں اور معاشی نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔



