پنجاب پولیس کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام متعارف
مریم نواز نے کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کر دیا

لاہور(عمران اسلم) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سمارٹ پولیسنگ کے فروغ اور جرائم کی روک تھام کے لیے کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کر دیا۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی سطح پر پولیس افسران کی کارکردگی کی نگرانی کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کرتے ہوئے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا مؤثر استعمال یقینی بنانے اور پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی بھی ہدایت کی۔
کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم کا تازہ ترین ڈیٹا ایک کلک پر دستیاب ہوگا۔ یونٹ میں جرائم کی 20 مختلف اقسام کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جبکہ ماہرین فوری طور پر ڈیٹا کے تجزیے پر مبنی رپورٹس تیار کریں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسران کی کارکردگی کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا، جبکہ تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکے گی۔ یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو مؤثر بنانا ہے۔ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس پر تنقید درست نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چند اہلکاروں کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا مناسب نہیں۔ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔



