
یہ اسّی کی دہائی کی بات ہے۔ سمن آباد سے ملحقہ بنک کالونی میں میرے ایک کزن رہتے تھے اور ہم گاہے گاہے انہیں ملنے یہاں آیا کرتے تھے۔ ایک بار ندیم شہید روڈسے غالب کالونی کی طرف جانے والی ایک سڑک پر قتیل شفائی سٹریٹ کا بورڈ دیکھ کر میرے قدم جہاںتھے وہیں رک گئے۔ کچھ سوچے بغیر میں اس سڑک پر چلنے لگا، لگتا تھا میں کسی طلسم کے زیر اثر آگے بڑھ رہا ہوں۔ ان دنوں میں میٹرک کا طالب علم تھا اور وادیٔ سخن میں قدم رکھ چکا تھا۔

ابھی میں اس راستے پر سو گز بھی نہ چلا تھا کہ دائیں ہاتھ کے ایک کونے والے گھر کے دروازے پہ مجھے قتیل شفائی کے نام کی پلیٹ نظر آ گئی۔ میرا دل خوشی سے اُچھل پڑا۔ کیوں کہ میں نے سوچا نہیں تھا کہ میں اس قدر آسانی سے ان کے گھر کے سامنے پہنچ جائوں گا۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ انہی قتیل صاحب کا گھر ہے۔ جو ہر دوسری فلم کے نغمہ نگار تھے۔ ریڈیو پاکستان پر سارا دن ان کا نام گونجتا رہتا اور بازار میں ان کی کتابوں کے چرچے تھے، میں پی ٹی وی کے مشاعروں میں کئی بار انہیں دیکھ چکا تھا۔ گلی کی نکڑ پر کھڑے ہو کر ادھر ادھر دیکھا مگر وہ نظر نہیں آئے، معلوم نہیں کیوں دروازے پہ دستک دینے کی میں نے جرات نہ کی۔ اس کے بعد میں جب بھی لاہور آتا قتیل شفائی روڈ کا پھیرا ضرور لگاتا۔ مگر وہ کبھی مجھے نظر نہ آئے البتہ اخبارات کے ادبی اور فلمی صفحوں پر ان کی خبریں باقاعدہ شائع ہوتی رہتی تھیں اور اب تو ان کی شہرت پاکستانی سرحدوں سے باہر نکل کر بالی وڈ کو تسخیر کر رہی تھی۔ کبھی وہ انڈین مشاعروں میں شرکت کرتے کہیں انڈین فلموں کے لیے نغمہ نگاری کرتے نظر آتے اور کبھی انڈین فلم سازوں کے ساتھ معاوضوں کے تنازعات کی خبریں نظر سے گزرتیں۔ ان کی بیشتر سرگرمیاں میرے سامنے تھیں مگر ابھی تک وہ خود مجھے نظر نہ آئے تھے۔
یہ 1987ء کا سال تھا۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں میرا داخلہ ہو چکا تھا۔ ایک روز میں اپنے کزن سے ملنے نکلا تو معلوم نہیں کب اور کیسے میں قتیل شفائی کے گھر کے سامنے پہنچ گیا۔ میں نے ہمت کر کے گھر کی بیل بجائی اور انتظار کرنے لگا۔ چند لمحوں بعد دروازہ کھلا تو مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا۔ میرے سامنے قتیل شفائی کھڑے تھے۔ میں ذرا گھبرا سا گیا۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ اس قدر اچانک اور آسانی سے دستیاب ہو جائیں گے۔ ان کے چہرے پہ نرمی اور خیر مقدمی مسکراہٹ تھی۔ پوچھا ’’کس سے ملنا ہے؟‘‘ ’’آپ سے‘‘ میں نے جھجکتے ہوئے کہا تو میرے لیے راستہ بناتے ہوئے بولے ’’آئیے‘‘ میں ان کے پیچھے پیچھے چلتا ہوا ایک خوبصورت ٹی وی لائونج میں پہنچا۔ انہوں نے مجھے ایک صوفے پر بیٹھنے کا اشارہ کیا اور میرے لیے مشروب لانے کو کہا۔ میں نے انہیں پنا نام بتایا تو بولے ’’اچھا تو آپ جواز جعفری ہیں، آپ کہیں لیکچرر ہیں نا؟
’’نہیں سر! میں ایم اے اردو کر رہا ہوں‘‘ میں نے جواب دیا۔ آپ کی شاعری نظر سے گزرتی رہتی ہے اور آپ کے بارے میں خبریں پڑھتے ہوئے تو میں یہی سوچتا تھا کہ آپ کہیں پڑھاتے ہیں۔‘‘ پھر بولے ’’میں ابھی ابھی ہندوستان سے آ رہا ہوں‘‘ سفر کی تھکن ان کے وجود سے ظاہر ہو رہی تھی۔ میں نے اجازت چاہی مگر انہوں نے اصرار کر کے روکے رکھا۔ بڑی محبت سے بہت سی باتیں کیں۔ اپنی ذات اور تازہ سفر کے بارے میں۔ آخر میں میری فرمائش پر اپنا کلام بھی سنایا اور مجھ سے بھی میرے اشعار سنے کافی دیر بعد میں نے اجازت چاہی تو دروازے تک چھوڑنے آئے اور نہایت محبت سے رُخصت کیا۔ یہ میری ان سے پہلی ملاقات تھی جو ان کی موت تک جاری رہی۔ اس زمانے میں میں جتنے شاعروں سے ملا تھا قتیل شفائی ان میں سب سے زیادہ دل نواز شخصیت کے مالک تھے۔
سفید رنگت، دلکش قامت، توانا آواز، بڑی بڑی اور مسکراتی ہوئی آنکھیں اور پیچھے کی طرف سلیقے سے سنوارے ہوئے بال۔ جامہ زیبی ان کا نمایاں ترین وصف تھا۔ بوسکی کا کرتا، علی گڑھ کٹ پاجامہ اور کولہا پوری چپل کے ساتھ جب واسکٹ پہنتے تو سر تا پا شاعر دکھائی دیتے۔ پہلی ملاقات میں وہ کسی بھی شخص کو منہ پھٹ لگتے۔ درحقیقت وہ ایک صاف گو آدمی تھے جن کی زندگی میں منافقتوں کے لیے کوئی جگہ نہ تھی۔ بہت سے لوگ سرخ سفید رنگت کے باعث انہیں پٹھان سمجھتے تھے۔ مگر ان کا تعلق ہری پور ہزارہ کے ایک ہندکو بولنے والے خاندان سے تھا۔ چلی کے شاعر پبلو نرودا اور ہزارہ کے قتیل شفائی میں قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں کے والد ریلوے میں ملازم تھے اور دونوں شاعروں کے آبائی خطوں کے فطری حسن نے ان کی شاعری کو جمالیات سے مالا مال کیا۔

قتیل کی جمال پسندی اور سراپا نگاری کی طرف میلان انہیں ولی دکنی کی صف میں لا کھڑا کرتا ہے۔ قتیل کے اردگرد دریائے جمال بہہ رہا تھا مگر تخلیقی اعتبار سے یہ علاقہ بنجر تھا۔ کوئی ادبی کتاب دستیاب تھی نہ رسالہ۔ یہاں صرف مولانا ظفر علی خاں کا ’’زمیندار‘‘ پہنچتا تھا۔ اختر شیرانی کے ماہنامہ ’’رومان‘‘ کا شہرہ پھیلا تو رومان پرور قتیل فوراً اس کی طرف متوجہ ہوئے۔ سکول کا زمانہ آتے آتے وہ بحیثیت شاعر جنم لے چکے تھے اور ان کی نئی شناخت محمد اورنگ زیب کی بجائے اورنگ زیب قتیل ہو چکی تھی۔ دنیا میں صرف شاعر وہ شخص ہے جو دو بار جنم لیتا ہے۔ ایک بار بطور انسان اسے ماں جنم دیتی ہے اور دوسری بار ایک شاعر کی حیثیت سے وہ اپنی ذات کو خود جنم دیتا ہے۔ وہ اسی پہ اکتفا نہیں کرتا بل کہ والدین کی دی ہوئی اسمی شناخت کو ترک کر کے نئے نام (تخلص) سے اپنی شناخت بھی قائم کرتا ہے۔ قتیل شفائی کے قلمی نام کے حوالے سے ہمارے مرحوم دوست اور شاعر ناصر زیدی نے ایک دلچسپ حکایت بیان کی ہے۔ والد کی وفات کے بعد قتیل نے سپورٹس کی دکان کھولی۔ مگر وہ اچھے دکان دار ثابت نہ ہوئے تو ٹرانسپورٹ کی کمپنی میں 60 روپے ماہوار پہ نوکری کرنے راولپنڈی پہنچے۔ یہاں ان کی رہائش گاہ مرکزی امام بارگاہ کے قریب واقع تھی۔ ارضی قربت کے باعث وہ خوش نوا خطیبوں کو بڑی توجہ سے سنتے۔ یہیں کسی خطیب نے حضرت امام حسین ؑ کے لیے ’’قتیل تیغِ جفا‘‘ کی خوب صورت ترکیب استعمال کی جو انہیں بے حد پسند آئی اور یوں وہ محمد اورنگ زیب سے قتیل بن گئے۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ اسی امام بارگاہ کے قریب حکیم یحییٰ خان شفا خان پوری کا مطب تھا۔ قتیل صاحب نے جب ان کی شاگردی اختیار کی تو وہ ان کی نسبت سے شفائی بن گئے۔ یوں قتیل شفائی بن جانے سے ان کی شعری شخصیت مکمل ہو گئی۔
حکیم یحییٰ شفا خان پوری ماہر طب، سیرت نگار اور فنِ شاعری پر دسترس رکھنے والے اُستاد شاعر تھے۔ مگر آج ان کا نام صرف قتیل شفائی کے استاد ہونے کی نسبت سے زندہ ہے۔ حکیم یحییٰ کی شاگردی اختیار کر لینے کے بعد وہ پہلے علامہ اقبال اور اس کے بعد اختر شیرانی سے متاثر رہے۔ لاہور پہنچتے ہی انہوں نے احمد ندیم قاسمی کی شاگردی اختیار کر لی۔ مگر بقول قتیل یہ تعلق زیادہ دیرپا ثابت نہ ہوا۔ ویسے بھی ان کی شاعری پر قاسمی صاحب کا ذرہ برابر اثر دکھائی نہیں دیتا۔ بظاہر یوں لگتا ہے کہ قتیل شفائی نے یہ شاگردی لاہور کی ادبی دنیا میں پائوں جمانے کے لیے اختیار کی ہوگی۔ کیوں کہ لاہور کے سخن کے سمندر میں رہنے کے لیے مگرمچھ سے بیر نہیں رکھا جا سکتا تھا۔ بعد کے زمانوں میں میرے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں قتیل صاحب نے احمد ندیم قاسمی کی راہنمائی کا اعتراف تو کیا شاگردی کا نہیں۔ اس موضوع پر ہونے والی ایک گفتگو کے دوران ناصر زیدی مرحوم، قتیل شفائی کے ایک اور استاد کو سامنے لے آئے جن کا نام استاد جلیل مانک پوری تھا اور ہمارے قتیل صاحب ان سے بذریعہ ڈاک اصلاح لیا کرتے تھے۔ یہ وہی جلیل مانک پوری ہیں جن کا ایک خوب صورت مطلع ہے:
نگاہ برق نہیں، چہرہ آفتاب نہیں وہ آدمی ہے مگر دیکھنے کی تاب نہیں
اتنے سارے اُستادوں کی موجودگی میں قتیل صاحب کا روّیہ کلاسیکل گویوں جیسا لگتاہے کہ جہاں موسیقی کے کسی اُستاد کو دیکھا گنڈہ بندھوانے کے لیے جھٹ بازو آگے کر دیا۔
جس زمانے میں قتیل کے شعری سفر کا آغاز ہوا برصغیر میں ترقی پسند تحریک اپنے عروج پر تھی۔ وہ اس تحریک سے نہ صرف وابستہ ہوئے بل کہ ان کا شمار بھی نامور ترقی پسند شعراء میں ہوتا تھا۔ ترقی پسندوں اور جدیدیوں میں فکری جنگ جاری تھی۔ دونوں کے بیٹھنے کے قہوہ خانے اور ادب کی ترویج و اشاعت کے لیے رسائل تک جدا جدا تھے۔ قتیل کے ترقی پسند شاعر ہونے کے لیے اتنا کافی ہے کہ 1946ء میں انہیں ’’ادبِ لطیف‘‘ کا مدیر بنایا گیا۔ ان کے معاونین میں عارف عبدالمتین اور فکر تونسوی شامل تھے۔ پاکستان اور ہندوستان میں ایسے ناقدین کی کمی نہیں جو قتیل کو ترقی پسند شاعر کہتے ہوئے ہچکچاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قتیل کی غزل کا مزاج روایتی ہے۔
یہ ترقی پسندی کا دعویٰ کرنے کے باوجود عورتوں سے باتیں کرتی ہے۔ ترقی پسند غزل کے باغیانہ اور انقلابی آہنگ سے یہ میل نہیں کھاتی۔ البتہ فارغ بخاری نے ’’جلترنگ‘‘ کے دیباچے میں قتیل کو روایتی شاعری کا روایت شکن قرار دیا ہے۔ میرے نزدیک قتیل شفائی کی ترقی پسندی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ مگر ان میں علی سردار جعفری کی طرح نومسلموں جیسا جوش و خروش نہیں پایا جاتا اور نہ ہی انہوں نے اپنے بعض ہم سفروں کی طرح ترقی پسندی کو بطور سیڑھی استعمال کیا ہے۔ انہوں نے ترقی پسندی کو محبت، امن، انسان دوستی اور آزادی کے زاویوں سے دیکھا۔ بعض لوگوں کو یہ بات بھی ہضم نہیں ہوتی کہ قتیل صاحب نے ترقی پسند تحریک سے وابستگی کے باوجود سرکاری چھتر چھائوں میں تشکیل پانے والے پلیٹ فارم رائٹرز گلڈ کا الیکشن کیوں لڑا؟ یہ اعتراض اسی قسم کا ہے کہ فیض صاحب نے ترقی پسند تحریک سے انسلاک کے باوجود برطانوی فوج کیوں جوائن کی۔ وہ بڑے اہتمام کے ساتھ اپنے نام کے ساتھ کرنل فیض احمد فض لکھا کرتے تھے۔ ایک ملاقات کے دوران جب میں نے یہ سوال قتیل صاحب کے سامنے رکھا تو انہوں نے کہا جن دنوں انہوں نے یہ الیکشن جیتا ان دنوں ترقی پسندوں اور جدیدیوں کے تعلقات معمول پر آ چکے تھے اور دونوںگروہوں کے اہل قلم کے لیے انہوں نے یکساں جدوجہد کی۔ ریڈیو اور ٹی وی پر فن کاروں کی رائلٹی کا معاملہ ہو یا معاوضوں میں اضافے کا وہ ہر محاذ پر پیش پیش نظر آئے۔ اس سلسلے میں ان کا ایک اور کارنامہ یہ ہے کہ ریڈیو اور ٹی وی پر نشر ہونے والے گیتوں اور غزلوں کی انائونسمنٹ کے دوران انہوں نے موسیقار اور گلوکار کے ساتھ شاعر کے نام کا اضافہ کرایا۔
1991ء کی بات ہے میں ابھی لیکچرر نہیں ہوا تھا اور روزنامہ ’’جنگ‘‘ لاہور سے وابستہ تھا۔ لاہور پریس کلب میں کوئی ادبی تقریب تھی۔ بڑے بڑے اہل قلم جمع تھے۔ قتیل شفائی بھی دوستوں میں گھِرے گپ شپ کر رہے تھے۔ اچانک وہ بھیڑ میں راستہ بناتے ہوئے میرے قریب آئے۔ گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور سرگوشی کے انداز میں بولے ’’کیا آپ آج کی شام میرے ساتھ گزارنا پسند کریں گے؟‘‘ عرض کیا ’’یہ میرے لیے اعزاز ہوگا‘‘ بولے ’’تو پھر آئیے چلتے ہیں۔‘‘ میں نے دوستوں سے اجازت چاہی اور قتیل صاحب کے ہمراہ چلتا ہوا پریس کلب سے باہر آ گیا۔ انہوں نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور میں اگلی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ راستے میں اِدھر اُدھر کی باتیں ہوا کیں۔ گھر پہنچ کر انہوں نے مجھے ایک کمرے میں بٹھایا (جو باقی رہائش گاہ سے الگ تھلگ تھا) اور خود گھر کے اندر چلے گئے۔ واپس آئے تو ان کے ہاتھ میں ٹرے تھا جس میں دو گلاس اور ممنوعہ چشموں کا پانی تھا۔ انہوں نے بڑے اہتمام سے دونوں پیمانوں میں پانی ڈالا اور اپنے نطق کا چراغ روشن کیا۔
اس ملاقات میں میں نے انہیں مزید قریب سے دیکھا وہ باتوں کے زیادہ دھنی نہیںتھے۔ البتہ ان کی کم گوئی بہت سے باتونی حضرات سے زیادہ خوبصورت تھی۔ ان دنوں میرا مرتب کردہ اقبال ساجد کا پہلا شعری مجموعہ ’’اثاثہ‘‘ ہر کہیں گفتگو کا موضوع بنا ہوا تھا۔ لہٰذا قتیل صاحب کی دلچسپی اقبال ساجد اور اس کی شاعری سے فیض اُٹھانے والوں تک محدود رہی۔ ہماری بزم آرائی رنگ پہ تھی کہ اچانک وہاں نامور موسیقار محسن رضا آ گئے۔ وہ ایک نفیس انسان اور غزل کے بہتر کمپوزر ہیں۔ میری کئی غزلوں اور نوحوں کی دُھنیں انہوں نے ترتیب دی ہیں۔ ان دنوں ایک فلم (سورج پہ دستک) زیر تکمیل تھی جس کے گیت نگار قتیل شفائی اور موسیقار محسن رضا تھے۔ وہ ابھی پوری طرح بیٹھنے بھی نہ پائے تھے کہ قتیل بولے ’’آپ جواز جعفری کو جانتے ہیں؟‘‘ محسن رضا نے جیسے ہی اعترافِ آشنائی کیا۔ قتیل صاحب کہنے لگے ’’دیکھیں اتنے عمدہ شاعر ملنے آئے ہیں۔ آپ جلدی سے ایک مرغ مسلم اور گرم گرم نان بنوا کر لائیے۔‘‘ میں مارے شرم کے پانی پانی ہو گیا۔ روکنے کی بہت کوشش کی مگر محسن رضا فوراً اُٹھے اور تعمیل ارشاد کے لیے روانہ ہو گئے۔ اتنے بڑے آدمی کے سپرد کیے گئے اس معمولی کام نے مجھے شرمسار کر دیا۔ قتیل صاحب کی زندگی میں شاموں کا بڑا دخل ہوتا تھا۔ وہ شام کا استقبال پورے اہتمام سے کیا کرتے۔ وہ اپنے پسندیدہ دوستوں کو جمع کرتے، ممنوعہ چشموں سے مشکیزے بھر بھر کے لاتے اور انہیں سیراب کر کے خوش ہوتے۔
فلمی صنعت سے وابستگی کے باعث ان کے گھر میں شاعروں، اداکاروں، موسیقاروں، ہدایت کاروں اور فلم سازوں کی بھیڑ لگی رہتی۔ وہ ہر ایک کی تواضع یکساں لگن سے کرتے۔ ان کے گھر منعقد ہونے والی بعض یادگار محفلوں میں یہ فقیر بھی شریک ہوتا رہا۔ قتیل صاحب کے پہلے ہمسائے نامور مصور موجدؔ تھے اور دوسرے احمد ندیم قاسمی۔ مگر میں نے ندیم صاحب کو کبھی کسی محفل میں نہیں دیکھا۔ ندیم صاحب کے لیے یہ بات اعزاز سے کم نہ ہوگی کہ وہ عمر بھر ایک ایسی سڑک پہ قدم آرائی کرتے رہے جو ان کے شاگرد کے نام سے منسوب تھی۔

قتیل شفائی کے عمدہ شاعر ہونے میں تو کوئی کلام نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین نغمہ نگار بھی تھے۔ اپنے فلمی کیریئر کے دوران انہوں نے دو سو سے زائد فلموں کے لیے نو سو کے قریب گیت لکھے جن میں سات عدد پنجابی فلمیں بھی شامل ہیں۔ فلمی زندگی کا آغاز انہوںنے فلم ’’تیری یاد‘‘ سے کیا۔ اس کے ہدایت کار دائود چاند، کہانی کار خادم محی الدین اور موسیقی عنایت علی ناتھ کی تھی جو اداکارہ آشا بھوسلے (فلم کی ہیروئن) اور گلوکارہ کوثر پروین کے والد تھے۔ ان کی تیسری بیٹی صابرہ بیگم اس فلم کی سائیڈ ہیروئن تھی۔
1948 ء میں ریلیز ہونے والی قتیل کی یہ فلم میکلوڈ روڈ کے سیمنا پربھات میں نمائش پذیر ہوئی جو پربھات سے صنوبر اور آگے چل کر ایمپائر کے نام سے موسوم ہوا۔ کراچی میں یہ فلم ایمپائر سینما میں ریلیز ہوئی جو ازاں بعد قسمت کے نام سے جانا گیا۔ اس فلم نے قتیل کی قسمت کا فیصلہ بھی کر دیا۔ ’’دو آنسو‘‘ قتیل صاحب کی سلور جوبلی فلم تھی جس کے موسیقار مبارک علی خان تھے۔یہ اُستاد بڑے غلام علی خان اور برکت علی خان کے بھائی تھے اور فلموں میں موسیقی ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ہیرو کے طور پر بھی کام کرتے رہے تھے۔ فلم کے ہدایت کار انور کمال پاشا تھے اور کہانی ان کے والد حکیم احمد شجاع کے ناول ’’باپ کا گناہ‘‘ پر مبنی تھی۔ اتفاق دیکھئے کہ اس ناول پر ’’دو آنسو‘‘ بھائی جان، دلاں دے سودے اور ’’انجمن‘‘ نامی فلمیں بنیں اور سب کی سب سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ قتیل ایک کے بعد ایک لازوال گیت تخلیق کر رہے تھے۔ ’’صدا ہوں اپنے پیار کی‘‘ اے دل کسی کی یاد میں ہوتا ہے بے قرار کیوں۔ یوں زندگی کی راہ میں ٹکرا گیا کوئی، یہ وادیاں یہ پربتوں کی شاہزادیاں، دل دیتا ہے رو رو دہائی کسی سے کوئی پیار نہ کرے۔ ترکِ اُلفت کا صلہ پا ہی لیا ہے میں نے۔ جب بھی چاہیں اک نئی صورت بنا لیتے ہیں لوگ۔ پریشاں رات طاری ہے ستارو تم تو سو جائو۔ بانٹ رہا تھا جب خدا سارے جہاں کی نعمتیں۔ حسن کو چاند جوانی کو غزل کہتے ہیں‘‘اور ان جیسے سینکڑوں گیت انہوں نے تخلیق کیے۔ اب وہ شہرت کی اس بلندی پہ تھے کہ ان کے ساتھ کئی ہیروئنوں اور گلوکارائوں کے نام وابستہ ہونے لگے تھے۔ اب وہ اس بات کا فیصلہ خود کرتے تھے کہ وہ کس موسیقار اور گلوکارہ کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے۔ موسیقاروں میں ماسٹر عنایت اور گلوکارائوں میں اقبال بانو ان کی اولین ترجیح ہوا کرتے۔ اقبال بانو، قتیل کے گیتوں کو امر کرنے میں مصروف تھیں تو قتیل شفائی خود اقبال بانو کو… سیف الدین سیف نے اقبال بانو کے لیے جب ’’تو لاکھ چلے رے گوری تھم تھم کے‘‘ لکھا اور ماسٹر عنایت حسین نے اسے اپنے سُروں سے آراستہ کیا تو برصغیر میں اس گیت کی دھوم مچ گئی۔ اب قتیل اس فکر میں تھے کہ وہ اپنی پسندیدہ گلوکارہ کے لیے ایسا لافانی نغمہ ترتیب دیں جو سیف صاحب کے گیت کی ٹکّر کا ہو اور اس نغمے کی دُھن بھی ان کے پسندیدہ موسیقار ماسٹر عنایت حسین کی ہو۔ چنانچہ یہ آرزو فلم ’’قاتل‘‘ میں پوری ہوئی اور یوں ’’الفت کی نئی منزل کو چلا یوں بانہیں ڈال کے بانہوں میں… دل توڑنے والے دیکھ کے چل ہم بھی تو کھڑے ہیں راہوں میں‘‘ جیسا لافانی نغمہ تخلیق ہوا اور قتیل شفائی کی شہرت و مقبولیت نے آسمانی بلندیوں کو چھو لیا۔ قتیل صاحب جب فلم نگری میں آئے تو ان کے پیش رو نغمہ نگاروں میں تنویر نقوی، سیف الدین سیف، جوش، مجروح سلطان پوری، شکیل بدایونی اور ساحر لدھیانوی کے ناموں کا ڈنکا بج رہا تھا۔ قتیل نے ان بڑے نغمہ نگاروں کی موجودگی میں نام کمایا۔ اس زمانے میں فلمی گیتوں کو زیادہ اہمیت نہ دی جاتی تھی۔ مگر قتیل اور ساحرؔ دو ایسے نغمہ نگار ہیں جنہوں نے فلم دنیا میں گیت کی ادبی حیثیت کو تسلیم کرایا۔ نغمہ گری میں اپنا سکہ رائج کرنے کے بعد قتیل نے فلم سازی کے میدان میں قلم رکھا۔ مگر وہ فیض اور احمد بشیر کی طرح خوش بخت ثابت نہ ہوئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنی مادری زبان (ہندکو) میں پہلی فلم ’’قصہ خوانی‘‘ اور اردو فلم ’’اک لڑکی میرے گائوں کی‘‘ بنانا شروع کیں جو ان کے فلمی معاشقوں کی طرح نامکمل ہی رہیں۔
اس زمانے کی بیشتر فلمیں تو روایتی ہوا کرتی تھیں مگر قتیل کے گیت روایتی نہ تھے۔ لہجے کی سادگی، جذبے کی سچائی، عوامی زبان اور عام آدمی کے احساسات کی ترجمانی کے باعث ان کے گیتوں کو پورے برصغیر میں مقبولیت ملی۔ قتیل شفائی کے معاصر گیت نگاروں میں جمیل الدین عالی جذبے کے سیپ سے گیت کے گوہر نکال رہے تھے۔تنویر نقوی احساس پر آہنگ کو ترجیح دے رہے تھے۔ منیر نیازی صاحبِ جمال عورتوں کے دلکش خدوخال سے نغمے تراش رہے تھے۔ مجروح سلطان پوری محبت سے سرشار زندگی سے لمحۂ موجود کا رَس نچوڑ رہے تھے۔ شکیل بدایونی گیت اور غزل کے باہمی فاصلوں کو کم کرنے میں مصروف تھے جب کہ ساحر معاشی و معاشرتی تضادات کو نمایاں کرنے میں مگن تھے۔ ایسے میں قتیل ایک طرف تو گیت جیسی نسائی اظہار کے لیے موزوں صنف کو مرد کی توانا آواز سے فعال بنا رہے تھے اور دوسری طرف وہ امیر خسرو کی شعری روایت پر چلتے ہوئے خود کو انہی کے تخلیقی فیصلے کا فرد قرار دے رہے تھے۔ قتیل نے دنیاداری کے لیے کئی اُستاد بنائے مگر درحقیقت خسرو ہی ان کے اصلی اور روحانی استاد ہیں۔ ان کے گیتوں کی جڑیں ہمیں پیرویٔ خسرو میں تلاش کرنی چاہئیں۔ شکیل بدایونی، سیف الدین سیف اور مجروح سلطان پوری نے ایک بار فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ادبی دنیا کی طرف کبھی پلٹ کر نہیں دیکھا۔ مگر قتیل شفائی نے فلم اور ادب کے مابین ہمیشہ توازن قائم رکھا۔ مگر ناقدین بیس سے زائد شعری مجموعوں کی موجودگی میں ان کی غزل گوئی کا اعتراف کرتے ہوئے بخل سے کام لیتے رہے۔ ڈاکٹر انور سدید نے اپنی تنقیدی کتاب ’’اردو ادب کی مختصر تاریخ‘‘ میں انہیں غزل گو شعراء کی فہرست میں ہی شامل نہیں کیا۔ جب کہ نذیر صدیقی (جدید اردو غزل ایک مطالعہ) کا کہنا ہے کہ ان کی فلمی شاعری، ان کی شاعری سے کہیں زیادہ مقبول ہے۔ قتیل شفائی کو اس بات کا رنج تھا کہ اہل ادب انہیں ایک فلمی گیت نگار سے زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں ہیں۔ اس کے باوجود کہ انہیں بڑے بڑے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تمغہ برائے حسن کارکردگی، آدم جی ایوارڈ، امیر خسرو ایوارڈ (بھارت) نقوش ایوارڈ، نگار ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ سے ان کی پذیرائی کی گئی۔ پھر بھی ناقدین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں آزاد یا تجرباتی غزل کی طرف آنا پڑا۔
اردو غزل میں ہیئت کے تجربات کا آغاز 1960ء کے آس پاس کے زمانے میں ہوا جسے ایک طرف دانشورانہ ہیئتی تجربات اور دوسری طرف غیر جمالیاتی اور غیر فنیّ حرکت قرار دیا گیا۔ اس رجحان کے قافلہ سالار بھارتی شاعر مظہر امام اور پیروکاروںمیں کرشن موہن، علیم صبا نویدی، ظہیر غازی پوری، فرحت قادری، پرویز رحمانی، پرویز عاشق ہرگانوی، مقصود حسنی اور فارغ بخاری شامل تھے۔ ناقدین کی طرف سے مسلسل نظرانداز کیے جانے والے قتیل بھی اس قافلے میں شامل ہو گئے، لیکن انہوں نے اپنی غزل کو آزاد کی بجائے تجرباتی غزل کا نام دیا۔ ایک طرف انہوں نے اپنی ان غزلوں کو اپنے شعری مجموعے 1993ء میں معروف شاعر اور ادبی صحافی حسن رضوی مرحوم کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تو ان کے حاسدین کی طرف سے اچھا خاصا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بظاہر یہ ایک معمول کی سرگرمی تھی جس نے آگے چل کر ایک تحریک کی شکل اختیار کر لی۔ بعض ادیب تو کچھ زیادہ ہی عملیت پسند نکلے۔ پہلے تو انہوں نے حکومت سے ایوارڈ واپس لینے کی اپیلیں کیں اور ازاں بعد اہل قلم کو اپنا ہم خیال بنانے کے لیے باقاعدہ دستخطی مہم بھی شروع کر دی۔ اس وقت تک قتیل شفائی کو پرائیڈ آف پرفارمنس نہیں ملا تھا۔ لہٰذا یہ لوگ ان کے پاس آئے انہیں خوب بھڑکایا اور دستخطی دستاویز پر ان کے بھی دستخط کرا لیے۔ آگے چل کر ان ہوشیار لوگوں نے ساری دستخطی مہم کا محرّکقتیل صاحب کو قرار دے دیا۔ اب صورت حال یہ تھی کہ مذکورہ نقاب پوش ادیب اس مہم کے ثمرات سمیٹ کر پس پردہ جا بیٹھے، لیکن قتیل عوام کی عدالت میں اکیلے کھڑے رہ گئے۔ چنانچہ جب اگلے برس قتیل صاحب کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا تو لوگوں میں عام طور پر یہی تاثر دیکھنے میں آیا کہ انہیںیہ ایوارڈ دستخطی مہم چلانے اور حکومت کو پریشرائز کرنے کے نتیجے میں ملا ہے۔ میں مبارک باد دینے کے لیے حاضر ہوا تو انہیں کافی غمزدہ پایا۔ کہنے لگے ’’جب حکومت اپنے اندھوں میں جی بھر کر ریوڑیاں بانٹ چکی تو یہ ایوارڈ مجھے دے دیا گیا۔‘‘ میںنے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ ہر لحاظ سے اس ایوارڈ کے مستحق ہیں۔ آپ کا نام ساتھ لگنے سے اس ایوارڈ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘ مگر وہ اپنی دستخطی مہم والی غلطی پہ نادم تھے۔ میں نے عرض کیا کہ اگر آپ کا دل مطمئن نہیں تو آپ کے پاس اختیار ہے آپ یہ ایوارڈ وصول کرنے سے انکار بھی کر سکتے ہیں۔ میری بات سن کر ان کے اندر کا پاکستانی فوراً جاگ اُٹھا اور بولے ’’انہیں میں ایوارڈ واپس کر کے اپنے ملک کی توہین نہیں کر سکتا۔‘‘
یہ غالباً انیس سو پچانوے کی بات ہے میںروزنامہ ’’جنگ‘‘ کے ادبی صفحے کے لیے شاعروں ادیبوں کے انٹرویو کر رہا تھا۔ ظفر اقبال، منیر نیازی، ڈاکٹر انور سدید، ڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر وحید قریشی، شہرت بخاری، جاوید شاہین اور ڈاکٹر سعادت سعید کے انٹرویوز اشاعت پذیر ہو کر ادبی منظرنامہ پر خاصی ہلچل پیدا کیے ہوئے تھے۔ میں نے انٹرویو کے لیے قتیل شفائی کو فون کیا تو انہوں نے اگلے روز شام کے وقت آنے کے لیے کہا۔ طے شدہ وقت کے مطابق ان کے دولت کدے پر پہنچا تو وہ شام کے استقبال کی مکمل تیاری کر چکے تھے۔ ممنوعہ چشموںسے آئے پانی کا مشکیزہ بھی اہتمام سے دھرا تھا۔ وہ اپنے مخصوص شاعرانہ لباس میں اُجلے اُجلے اور خوش دکھائی دے رہے تھے۔ یہ انٹرویو تین چار گھنٹے جاری رہا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے بہت اہم باتیں کیں بالخصوص منیر نیازی کے بارے میں، انڈین مشاعروں میں شرکت اور ہندی فلموں کے لیے گیت نگاری کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ہماری گفتگو جاری تھی رات کے تقریباً گیارہ بج چکے تھے کہ اچانک وہاں نامور نقاد ڈاکٹر سلیم اختر آ گئے۔ غالباً ان کے ہمراہ ان کا بیٹا یا کوئی عزیز تھا۔ میں اپنا کام مکمل کر چکا تھا۔ ڈاکٹر سلیم اختر نے اپنی شگفتہ بیانی سے ایسا سماں باندھا کہ وقت گزرنے کا احساس ہی نہ ہو سکا۔ میں نے گھڑی دیکھی اور رخصت چاہی۔ قتیل صاحب نے مجھے سر سے پائوں تک غور سے دیکھا اور بولے ’’آپ آج رات یہیں قائم کریں‘‘ میں نے عرض کیا کہ ’’شکریہ مگر میرا گھر جانا ضروری ہے‘‘ میرا جواب سن کر انہوں نے ڈاکٹر سلیم اختر صاحب کی طرف دیکھا اور بولے ’’ڈاکٹر صاحب ایک تکلیف کیجیے جواز جعفری کو ان کی رہائش گاہ (ریواز گارڈن) اُتار دیجیے‘‘ ڈاکٹر سلیم اختر نے میری طرف دیکھا اورخوش دلی سے بولے ’’تعمیل ارشاد ہوگی‘‘ قتیل صاحب ہمیں گاڑی تک چھوڑنے آئے۔ گاڑی ریواز گارڈن کی طرف فراٹے بھرنے لگی۔ میں پچھلی سیٹ پر بیٹھا سوچ رہا تھا کہ قتیل صاحب کوئی بھی کام کسی بھی آدمی کو ایسے مہر آمیز طریقے سے کہتے ہیں کہ اس کے اندر انکار کا یارا نہیں رہتا۔



