latest newsPakistan

لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشرحسن

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے حکم پر اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کورٹ فیس ٹکٹس بنانے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا،محکمہ اینٹی کرپشن ضلع کچہری لاہور کے مختلف دفاتر پر چھاپے مار کر جعلی ٹکٹوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا جبکہ لاکھوں جعلی کورٹ فیس ٹکٹس بھی برآمد کرلیے ،محکمہ اینٹی کرپشن نے قومی خزانے کو مبینہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچانےمیں ملوث سول کورٹ کاپی برانچ کے انچارج زمان اللہ، ماڈل ٹاؤن کچہری کے ریکارڈ کیپر اعجاز احمد سمیت 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق عدالتوں میں جعلی کورٹ فیس ٹکٹس کی تیاری اور فروخت کے ذریعے سرکاری محصولات کی چوری کی جارہی تھی ،ذرائع کے مطابق صرف لاہور کی عدالتوں سے روزانہ تقریباً 15 لاکھ روپے کورٹ فیس کی آمدن متوقع ہے تاہم سال 2025 اور 2026 کے دوران عدالتوں میں ہونے والے کام کے حجم اور سرکاری خزانے میں جمع ہونے والی رقم میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے، تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع ہونے کے بجائے جعلی ٹکٹس کے ذریعے ہڑپ کیے گئے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ عدالتی نظام کے ساتھ فراڈ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جعلی کورٹ فیس ٹکٹس کے نیٹ ورک میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اینٹی کرپشن نے اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سرکاری اہلکاروں سمیت دیگر مبینہ کرداروں کی نشاندہی شروع کردی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے ازدواجی زندگی میں تشدد اور زیادتی سے متعلق قانون سازی کرنیکی درخواست خارج کر دی،
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے شادی کے دوران جنسی تشدد سے متعلق علیحدہ قوانین بنانے کی استدعا کی، عدالت نے لکھا کہ شادی کی وجہ سے کسی خاتون کے آئینی حقوق اور انسانی وقار کم نہیں ہوتا، شادی کسی شریک حیات کو دوسرے پر تشدد کرنے کی اجازت نہیں دیتی،عدالت نے کہا کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کا آئینی اختیار ہے، عدالتیں پارلیمنٹ کی جگہ خود قانون سازی نہیں کر سکتیں، خواتین کے تحفظ کیلئے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں گھریلو تشدد کے خلاف قوانین موجود ہیں،فیصلے میں کہا گیا کہ اسمبلی چاہے تو اس معاملے پر آئین کے مطابق قانون سازی کر سکتی ہے، خواتین کے تحفظ کیلئے قانونی نظام صرف پاکستان پینل کوڈ تک محدود نہیں، خواتین کو گھریلو تشدد اور دیگر اقسام کے تشدد سے بچانے کیلئے مختلف قوانین بنائے گئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس مزمل اختر شبیر نے بیوہ بزرگ خاتون رضیہ بیگم کی درخواست منظور کرتے ہوئے پوتے کے حق میں جاری عبوری حکم امتناعی کالعدم قرار دے دیا،تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ ماتحت عدالتوں نے انگوٹھے کے نشان کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی، بیع کے معاہدے کی تصدیق کا بوجھ مدعی (پوتے) پر ہے، خاتون پر نہیں، عدالت نے اصول بیان کیا کہ پہلے مدعی اپنا دعویٰ ثابت کرے، پھر دوسرے فریق سے جواب مانگا جائے، پردہ نشین اور کمزور خواتین کے مقدمات میں سپریم کورٹ کے حفاظتی اصولوں پر عمل لازمی قرار دیا گیا، آزادانہ مشورہ، رضامندی اور معاہدے کی نوعیت سمجھائے جانے کا ثبوت ضروری ہے،عدالت نے 40 لاکھ روپے کی نقد ادائیگی پر سوالات اٹھائے کہ رقم کہاں سے آئی اور کیسے دی گئی ؟ فیصلے میں کہا گیا کہ ادائیگی کا بوجھ دستاویز سے فائدہ اٹھانے والے پر ہوتا ہے، جبکہ ماتحت عدالتوں نےادائیگی لکھ کر یہ بوجھ خاتون پر ڈال دیا،عدالت نے قرار دیا کہ قبضہ رکھنے سے عبوری ریلیف کا حق نہیں بنتا جب تک معاہدہ ثابت نہ ہو،عدالت نے سوال اٹھایا کہ عمر رسیدہ خاتون رقم لے کر معاہدے سے کیوں پھرتیں اور اپنے ہی پوتے کے خلاف ایف آئی آر کیوں کرواتیں؟

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے جواب کی روشنی میںپی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کیخلاف تینوں درخواستیں نمٹا دیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فرخ لودھی نے موقف اپنایا کہ لاہور کے عبداللہ، طلحہ اور اقبال آج شام رہا ہو جائیں گے،
سرگودھا کے رہائشی عبدالمجید کو کل رہا کردیا جائے گا، شیخوپورہ میں نظر بند شہری کی بھی نظر بندی کل ختم ہو جائے گی۔

لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کےجسٹس چوہدری محمد اقبال نے ڈیرہ غازی خان میں سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ بارے فیصلہ سنا دیا، عدالت نےسرکاری اراضی سے متعلق 14 دسمبر 2010 کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئےپنجاب حکومت کی درخواستیں منظور کرلیں،عدالت نے 471 کنال 19 مرلے سرکاری اراضی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کو منتقل کرنے سے متعلق سابقہ عدالتی حکم واپس لے لیا، عدالت نے 2010 میں منظور ہونے والی تینوں آئینی درخواستیں بھی خارج کر دیں،عدالت نے قرار دیا کہ اہم حقائق چھپا کر اور مبینہ فراڈ کے ذریعے سابقہ عدالتی فیصلہ حاصل کیا گیا ،فیصلے میں کہا گیا کہ متنازعہ اراضی صوبائی حکومت کی ملکیت تھی، مقدمات میں پنجاب حکومت کو فریق نہیں بنایا گیا ،متنازعہ سرکاری اراضی ممنوعہ زون میں واقع ہے، جہاں ملکیتی حقوق نہیں دئیے جا سکتے ،بار ایسوسی ایشن کے حق میں اراضی کی الاٹمنٹ کا کوئی حتمی حکم مجاز اتھارٹی نے جاری نہیں کیا تھا ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان سابقہ مقدمات میں فریق نہیں تھی ،اہم حقائق چھپا کر اور مبینہ فراڈ کے ذریعے سابقہ عدالتی فیصلہ حاصل کیا گیا ،آرٹیکل 199 کے تحت عدالت کو ازخود نوٹس لے کر درخواست میں نہ مانگی گئی ریلیف دینے کا اختیار حاصل نہیں ،سپریم کورٹ نے 13 نومبر 2025 کو ہائیکورٹ کو ان درخواستوں کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس امجد پرویز نےسزا کیخلاف دھوکہ دہی فراڈ کے ملزم کی نظر ثانی اپیل نمٹا دی ، عدالت نے ریمارکس دیئے
درخواست گزار ملزم کو ٹرائل کورٹ نے تین سال سزا سنائی، ملزم محمد شہباز 21 ماہ سزا کاٹ چکا ہے ،جیل رپورٹ کے مطابق 9 ماہ 13 دن کی سزا معاف کی گئی، ملزم نے جتنی سزا کاٹ لی کافی ہے باقی سزا کی معافی دی جاتی ہے، چوہدری نصیر کمبوہ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ محمد شہباز پر اراضی کا جعلی اقرار نامہ دینے پر دھوکہ دہی فراڈ کا مقدمہ درج کیا،درخواست گزار کو جھوٹے اور بے بنیاد کیس میں سزا سنائی گئی،
عدالت عالیہ نے سزا معطل کرکے ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کے قیام کیلئے درخواست پر سماعت ،جسٹس چوہدری محمد اقبال نے وفاقی حکومت کے وکیل کے جواب کی روشنی میں درخواست نمٹا دی ،سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ مانگا منڈی اور نواحی علاقوں کے شہریوں کیلئے رائیونڈ میں پاسپورٹ سنٹر موجود ہے، عدالت درخواست غیر ضروری قرار دے کر مسترد کر ے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت نہ روکنے پرڈی جی ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ،جسٹس محمد اجمل زاہد نے پی ٹی اے کے وکیل کے جواب روشنی میں درخواست نمٹا دی ،وکیل پی ٹی اے نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی کی ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے پر ترقی ،وزیر قانون رانا اقبال احمد خان نے فرخ خان لودھی کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا تقرر نامہ دیا ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے مبارکباد دی ۔

یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس،انٹرنیشنل کریمینل انویسٹیگیٹو ٹریننگ اسسٹنس پروگرام کے تحت ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب ہوئی،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، مضبوط پراسیکیوشن نظام سے بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے، پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے، پراسیکیوٹرز مقدمات کی مؤثر پیروی کے لیے جدید قانونی تقاضوں سے مکمل آگاہی حاصل کریں، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان تارڑ نے کہاتربیتی ورکشاپس کے ذریعے پراسیکیوٹرز کو جدید قانونی طریقہ کار اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے روشناس کرایا گیا ہے،تقریب میں لاہور کے قائم مقام یو ایس قونصل جنرل مسٹر ٹوری گواڈ ، مشن ایڈوائزر کرس مورےو دیگر ان نے شرکت کی،ورکشاپ میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سمیت ملک کے دیگر سرکاری اداروں کے افسران نے تربیت حاصل کی، شرکاء کو بین الاقوامی اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر تربیت فراہم کی گئی،تقریب کے اختتام پر تربیتی پروگرام کے شرکاء کو سوینیئرز اور تعریفی اسناد دی گئیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور حملہ و دیگر مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت پر وکلاء سے دلائل طلب کرلئے ،شاہ محمود قریشی کے جیل وارنٹ پیپرز عدالت میں پیش کئےگئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں اسد عمر، فواد چوہدری ،مسرت چیمہ، اعظم سواتی، کرامت کھوکھر اور حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتوں میں 8 دسمبر تک توسیع کردی، عدالت نےآئندہ سماعت پر مقدمات کا مکمل ریکارڈ اوردلائل طلب کر لئے ،
عدالت کے باہر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو منفی پیغام جارہا ہے، لوگ اپنے پیسے لے کر باہر جارہے ہیں، جس طریقے سے فیصلے کیے جارہے ہیں اس طرح پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عجیب و غریب صورتحال ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی حکومت کو فارم 47 کی حکومت کہتی ہے، آصف زرداری صدر اور یوسف رضا گیلانی فارم 47 سے چیئرمین سینیٹ بنے۔ حکومت کو چاہیے کہ شاہ محمود قریشی کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرے،
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند سال میں عالمی سطح پر ایک منفرد پوزیشن حاصل کی ہے، آج ہمارے رہنماؤں کو دنیا بھر میں جو مقام مل رہا ہے اس کی مثال کم ملتی ہے، پاکستان کے رہنما چین، امریکا، سعودی عرب اور ایران جائیں تو ان کا استقبال ہوتا ہے اور عالمی ممالک پاکستان کی بات کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ پوزیشن برقرار رکھنی چاہیے، ملک کے اندرونی حالات بہتر اور سیاسی ماحول سازگار بنایا جائے، گزشتہ چار سال میں سیاسی تلخی بہت بڑھ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پٹرول 400 روپے تک پہنچ گیا ہے اور مہنگائی سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، اگر حالات ایسے ہی رہے تو حکمران طبقے کو حاصل سہولیات بھی ختم ہوجائیں گی، فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی، تحریک تحفظ آئین کی قیادت اور سلمان اکرم راجہ سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، حکومت کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت، شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر زیرحراست رہنماؤں سے مذاکرات کرے، حماد اظہر سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کیا جائے، انہوں نے کہا کہ زیرحراست پی ٹی آئی قیادت کو ریلیف دیا جائے تو مذاکرات کامیاب ہوسکتے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے متعلق حکومت اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے، مولانا فضل الرحمان بھی اپنے تلخ بیانات واپس لیں اور حکومت بھی مثبت سمت میں قدم بڑھائے، انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کی بات کے بعد مسلم لیگ ن نے ان کے خلاف مہم شروع کردی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے خلاف جبکہ تحریک انصاف نئے صوبوں کی حامی ہے، حکومت کو اس معاملے پر تحریک انصاف سے بات کرنی چاہیے۔

صارف عدالت میں خراب ڈسپنسردینے پر دکاندار کیخلاف 5لاکھ ہرجانے کے دعویٰ کی سماعت،عدالت نے دکاندار سےجواب طلب کرتے ہوئے فریقین کو 18نومبر کو طلب کرلیا،پرویز احمد نےدرخواست میں موقف اپنایا کہ عابد مارکیٹ ڈیلر شاپ سے واٹر ڈسپنسر خریدا جوخراب نکلا،دکاندار نےوارنٹی کے باوجود چکرلگوائے گئے ڈسپنسر تبدیل کر کے نہیں دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button