افغانستان میں غذائی بحران سنگین، ایک کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار

افغان خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے مختلف اداروں نے افغانستان میں غذائی قلت اور غذائیت کے بحران میں مسلسل شدت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیسیف کے مطابق ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران افغانستان کی تقریباً 32 فیصد آبادی کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا رہا۔ اگست سے اکتوبر کے دوران بچوں میں غذائی قلت کے باعث جسمانی کمزوری اور وزن میں غیر معمولی کمی کی شرح اس عرصے کے لیے بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
یونیسیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما کے دوران بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ ادارے کے اندازوں کے مطابق جنوری سے دسمبر 2027 کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ کی عمر کے تقریباً 40 لاکھ 40 ہزار بچوں کو غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی امداد میں کمی سے انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے جبکہ خواتین اور بچوں کو طبی سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مہاجرین کی واپسی سے افغانستان کے محدود وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ طبی مراکز کی بندش، ادویات کی قلت اور خواتین طبی عملے کی کمی بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 2026 میں بارشوں کی بہتر صورتحال اور زرعی پیداوار میں اضافے کے باوجود بہت سے خاندان مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انسانی امداد کے لیے مالی وسائل میں مسلسل کمی کے باعث بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔



