latest newsPakistan

ریلوے کو جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف، خانیوال میں ڈرائی پورٹ بنانے کی منظوری

لاہور(عمران اسلم) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں تاجر برادری کی طلب اور ریلوے کی آمدن میں اضافے کے پیش نظر مزید مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریلوے کو جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف دیا گیا، جبکہ فریٹ آمدن بڑھانے کے لیے خانیوال میں ڈرائی پورٹ کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مکینیکل وجوہات کی بنا پر پیش آنے والے ٹرین حادثات کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرائی جائیں گی اور ذمہ دار ٹرین ایگزامینرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اوورلوڈنگ کی روک تھام کے لیے 31 دسمبر تک ملک بھر میں مزید پانچ وے برج نصب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہیڈکوارٹرز کی سطح پر آپریشنل میٹنگ ختم کرکے اجلاس ڈویژن کی سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ نظام سے ڈی وی ایم اور ڈی وی ایس کوچز مرحلہ وار ختم کی جائیں گی، جبکہ پیداوار بڑھانے کے لیے سلیپر فیکٹریوں میں ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے انجنوں اور کوچز کے پرزوں کی خریداری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر ریلوے نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے کی برانچ ریلوے لائنوں کی بحالی کے لیے فنڈز فوری جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button