رحیم یار خان میں 215 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری، کچہ پیکج کی 69 سکیموں کے ٹینڈرز مکمل

رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ) ایم این اے سردار اظہر خان لغاری کی زیر صدارت ضلعی کمیٹی برائے ترقیاتی امور کے اجلاس میں ضلع بھر میں جاری 215 ترقیاتی منصوبوں، کچہ ڈویلپمنٹ پیکج اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مجموعی طور پر 215 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے منصوبوں کی مالی و انتظامی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کچہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 69 سکیموں کے ٹینڈرز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ان پر عملدرآمد کے مختلف مراحل جاری ہیں۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی کاموں کے معیار، فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایم این اے سردار اظہر خان لغاری نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ شفافیت، تعمیراتی معیار اور مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سابق ایم این اے شیخ فیاض الدین سمیت متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔



