غزہ میں اسرائیلی تباہ کاریوں سے 6 کروڑ 80 لاکھ ٹن ملبہ جمع، ماحولیاتی و انسانی بحران شدت اختیار کرگیا

فلسطینی ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی نے 6 نومبر کو جنگ اور مسلح تنازعات میں ماحول کے استحصال کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں بتایا کہ غزہ میں جمع ہونے والے ملبے میں تقریباً 40 لاکھ ٹن خطرناک فضلہ اور کم از کم 50 ہزار ٹن ایسبیسٹس شامل ہے، جو سرطان کا باعث بننے والا مضر مادہ ہے اور ماضی میں تعمیرات اور عمارتوں کی موصلیت کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ کی 82 فیصد زرعی زمین، زیتون اور دیگر پھلوں کے 97 فیصد درخت جبکہ پانی اور نکاسی آب کا 84 فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نکاسی آب کے نظام کی تباہی کے باعث روزانہ تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار مکعب میٹر غیر صاف شدہ گندا پانی غزہ کی سڑکوں اور آبی ذخائر میں خارج ہورہا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی اور صحت عامہ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جنگ میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
مغربی کنارے میں 760 ماحولیاتی حملے ریکارڈ
فلسطینی ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی نے بتایا کہ 2026 کے آغاز سے ستمبر کے اختتام تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے 760 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں زرعی زمینوں، درختوں، آبی ذخائر اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔
ان میں سے 203 واقعات زرعی زمینوں اور قدرتی محفوظ علاقوں سے متعلق تھے، جن میں زیتون کے باغات کو بلڈوز کرنا، آبادکاری کے لیے سڑکیں تعمیر کرنا اور فوجی و آبادکاری مقاصد کے لیے فلسطینی زمینوں پر قبضہ شامل ہے۔
اتھارٹی کے مطابق جنگلات اور سبزے کو نقصان پہنچانے کے 178 واقعات بھی سامنے آئے، جن میں ہزاروں درخت اکھاڑے گئے۔ ان میں تقریباً ایک لاکھ زیتون کے درخت شامل ہیں، جن سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کچرے اور خطرناک تعمیراتی ملبے سے متعلق 185، غذائی تحفظ اور مویشیوں کو متاثر کرنے والے 52، آبی ذخائر اور کنوؤں پر 37، پانی کی پائپ لائنوں اور آبپاشی کے نظام پر 35 جبکہ نکاسی آب کے نظام سے متعلق پانچ واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
فلسطینی ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور فلسطینیوں کو اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ اور ان پر اختیار استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
اتھارٹی کے مطابق غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں اور ان کی املاک کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جن میں ہلاکتیں، گرفتاریاں، مکانات کی مسماری، زمینوں پر قبضے اور جبری بے دخلی شامل ہیں۔



