latest newsWorld

شمالی کوریا کے ہیکرز کو اربوں ڈالر کی سائبر چوری پر انعامات

شمالی کوریا نے سائبر حملوں اور کرپٹو کرنسی کی اربوں ڈالر کی چوری میں ملوث اپنے کامیاب ہیکرز کے لیے خصوصی انعامات اور مراعات کا نظام قائم کر رکھا ہے، جس کے تحت انہیں دارالحکومت پیانگ یانگ میں کشادہ اپارٹمنٹس، بھاری نقد انعامات اور حکمران جماعت کی رکنیت تک دی جاسکتی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری پروگرام کے تحت کم عمر اور ذہین طلبہ کو سائبر جنگجو بنانے کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔ اس پروگرام میں ہر سال مڈل اسکول کے تقریباً 150 سے 200 ذہین طلبہ کا انتخاب کرکے انہیں کمپیوٹر انجینئرنگ اور سائنس کی تعلیم دی جاتی ہے۔

شمالی کوریا سے فرار ہونے والے سابق ہیکر ٹرینر کم ہونگ کوانگ اور دیگر منحرف افراد کے مطابق 17 سال کی عمر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ملک کی اعلیٰ جامعات میں بھیجا جاتا ہے، جہاں مزید جانچ کے بعد چند منتخب افراد کو فوجی سائبر یونٹ میں شامل کرلیا جاتا ہے۔

ان ہیکرز کو کرپٹو کرنسی پروٹوکولز، غیر ملکی ہارڈویئر کی ریورس انجینئرنگ، جدید ریاضی اور غیر ملکی زبانوں کی تربیت دی جاتی ہے، جبکہ دیگر طلبہ کو مغربی کمپنیوں کے لیے سافٹ ویئر اور موبائل ایپلی کیشنز تیار کرنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کامیاب سائبر حملوں سے حاصل ہونے والی رقم کا 30 فیصد تک ہیکرز کے فوجی یونٹ کو امریکی ڈالر میں دیا جاسکتا ہے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو پیانگ یانگ میں تقریباً 132 مربع میٹر تک کے اپارٹمنٹس بھی مل سکتے ہیں، جہاں ان کے والدین بھی رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔ انہیں بیرون ملک سفر، حکمران جماعت کی رکنیت اور بااثر خاندانوں میں شادی کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس کے 2024 کے تخمینے کے مطابق شمالی کوریا کے سائبر وارفیئر آپریشنز میں تقریباً 8 ہزار 400 افراد کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے 1998 میں سائبر یونٹ قائم کیا تھا، تاہم کم جونگ اُن کے اقتدار میں آنے کے بعد اسے غیر معمولی اہمیت دی گئی۔ 2013 میں انہوں نے سائبر جنگ کو جوہری ہتھیاروں اور میزائلوں کی طرح ملک کی دفاعی صلاحیت کا اہم ہتھیار قرار دیا تھا۔

شمالی کوریا سے منسلک ہیکنگ گروپس میں لازارس گروپ اور ٹریڈر ٹریٹر بھی شامل ہیں۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس نے گزشتہ ماہ ہونے والے 6.3 ارب ڈالر کے سائبر حملے کا ذمہ دار شمالی کوریا کو قرار دیا ہے، تاہم پیانگ یانگ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ بلاک چین کی تحقیقات کرنے والی کمپنیوں نے اس حملے کو ٹریڈر ٹریٹر گروپ سے منسوب کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ریاستی سرپرستی ان ہیکرز کو زیادہ خطرناک بناتی ہے کیونکہ انہیں سائبر حملوں میں ناکامی کے باوجود اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا موقع ملتا ہے۔ امریکی پابندیوں اور عالمی سطح پر کارروائیوں کے باوجود ان کے لیے سائبر جرائم کے نئے طریقے اختیار کرنا نسبتاً آسان رہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے ہیکرز اور آئی ٹی ماہرین اپنی کارروائیوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ٹولز بھی استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے ذریعے کوڈ لکھنے، جعلی شناخت اور دستاویزات تیار کرنے، ریزیومے میں تبدیلی اور سائبر حملوں کی منصوبہ بندی جیسے کام کیے جاتے ہیں۔ 2025 میں اقوام متحدہ کے 11 رکن ممالک پر مشتمل پابندیوں کی نگرانی کرنے والے گروپ نے بھی ٹریڈر ٹریٹر کے چیٹ جی پی ٹی اور ڈیپ سیک اکاؤنٹس تک رسائی کا ذکر کیا تھا۔

تاہم ان ہیکرز کی زندگی مراعات کے باوجود سخت نگرانی اور دباؤ کا شکار رہتی ہے۔ سابق آئی ٹی کارکنوں کے مطابق انہیں روزانہ 10 گھنٹے سے زائد کام کرنا پڑتا ہے، محدود رہائشی سہولیات میں رہنا ہوتا ہے اور ہر ماہ ڈالر میں آمدنی کا مقررہ ہدف پورا کرنا لازمی ہوتا ہے۔ ہدف پورا نہ کرنے پر انہیں تذلیل اور دیگر سزاؤں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سائبر حملوں سے حاصل ہونے والی بڑی رقوم شمالی کوریا کی قیادت کو مزید بڑے مالیاتی اداروں اور ایسے عالمی اداروں کو نشانہ بنانے کی ترغیب دے سکتی ہیں جہاں بڑی مقدار میں ڈیجیٹل اثاثے محفوظ ہوتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button