entertanmentlatest newsShowbiz

شامی پناہ گزین بچی کی 10 سالہ جدوجہد، سڑک پر سگریٹ فروخت کرنے سے فلمی دنیا تک کا سفر

شام کے جنگ زدہ شہر حلب سے ہجرت کرنے والی 11 سالہ بچی اسراء کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم نے پناہ گزینوں کی مشکلات، جدوجہد اور بدلتے حالات کی ایک منفرد داستان پیش کردی۔

برطانوی فلم ساز جیک میک اِنز اور ایتاب اعظّم کی ملاقات 2015 میں ترکیہ میں اسراء سے ہوئی تھی، جہاں وہ اپنے والد کے ساتھ سڑک کنارے سگریٹ فروخت کر رہی تھی۔ فلم ساز اس کی زندہ دلی اور شخصیت سے متاثر ہوئے اور انہوں نے اس کے خاندان کے سفر کو دستاویزی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔

اسراء کا خاندان جنگ سے بچنے کے لیے شام سے نکل کر آٹھ ممالک کا سفر کرتا ہوا جرمنی پہنچا۔ فلم سازوں نے اس پورے سفر میں خاندان کا ساتھ دیا۔ فلم ساز ایتاب اعظّم کے مطابق انہوں نے خاندان کے ساتھ سڑکوں پر اور بارش میں راتیں گزاریں، جبکہ سربیا اور کروشیا میں شدید سرد موسم کا سامنا بھی کیا۔ جرمنی پہنچنے تک ان کے درمیان خاندانی تعلق قائم ہوچکا تھا۔

اسی تجربے کے نتیجے میں دستاویزی فلم ’’ون اِن اے ملین‘‘ (One in a Million) بنانے کا خیال سامنے آیا، جس میں دس برس تک اسراء کی زندگی کو فلمایا گیا ہے۔

یہ فلم اسراء کے بچپن سے جوانی تک کے سفر، جرمنی میں نئے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے، شادی اور ماں بننے تک کے مراحل کو دکھاتی ہے۔ فلم میں یہ بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ مغربی معاشرے کی نئی آزادیاں اور روایتی خاندانی اقدار بعض اوقات ایک دوسرے سے متصادم ہوجاتی ہیں۔

شادی کے بعد اسراء اپنے شوہر کے ہمراہ شام کا دورہ بھی کرتی ہے، جہاں 2024 میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد وہ اپنے وطن واپس پہنچتی ہے۔

فلم ساز جیک میک اِنز کا کہنا ہے کہ ہجرت کا معاملہ سیاسی بحث کا موضوع بن چکا ہے حالانکہ پناہ گزینوں کی حقیقی زندگی اور مشکلات کو سمجھنا زیادہ اہم ہے۔ ان کے مطابق فلم کا مقصد ناظرین کو ایک پناہ گزین کی زندگی کو قریب سے دیکھنے اور اس کے تجربات کو سمجھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

دستاویزی فلم ’’ون اِن اے ملین‘‘ نے رواں سال جنوری میں سنڈینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے دوران بہترین فلم کا ناظرین ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ جمعے سے برطانیہ کے سینما گھروں میں اس کی نمائش شروع ہوگئی ہے۔

فلم سازوں کے مطابق سنڈینس فیسٹیول میں اسراء کو اچانک ناظرین کے سامنے لایا گیا تو حاضرین نے زبردست پذیرائی کا اظہار کیا۔ ان کے لیے یہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا کہ جس بچی کو انہوں نے 11 سال کی عمر میں ترکیہ کی سڑک پر سگریٹ فروخت کرتے دیکھا تھا، وہ اب اپنی زندگی کی کہانی دنیا کے سامنے پیش کر رہی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button