اے آئی کے ذریعے مالیاتی اداروں پر سائبر حملوں کا خطرہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ایڈوائزری جاری

ایڈوائزری کے مطابق بینکوں کے کور بینکنگ سسٹمز، ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارمز، ادائیگی کے نظام اور صارفین کی ایپلی کیشنز سائبر حملوں کا ممکنہ ہدف ہیں۔ اس کے علاوہ تیل و گیس کی تنصیبات، پانی کی فراہمی کے نظام، بجلی کی پیداوار و تقسیم کے نیٹ ورکس، صنعتی شعبے اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی خطرات سے دوچار ہیں۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت، خودکار بوٹس، بوٹ نیٹس اور ایجنٹک ٹولز کے استعمال سے سائبر حملوں کی رفتار اور پیچیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بینکوں کے اے پی آئیز اور ادائیگی کے نظام کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے، جبکہ اکاؤنٹس میں ظاہر ہونے والے بیلنس میں ردوبدل سے صارفین میں خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے اداروں کو خودکار لاگ اِن کی کوششوں، بار بار ناکام تصدیق، اسناد کے غیر معمولی استعمال، اے پی آئی درخواستوں، ایپلی کیشنز کی کنفیگریشن میں تبدیلیوں اور مشکوک مالی لین دین کی مسلسل نگرانی کرنے کی سفارش کی ہے۔
ایڈوائزری میں یورپی سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن اور فریزر سسٹمز پر ہونے والے سائبر حملوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جن کے نتیجے میں آپریشنل نظام متاثر ہوئے اور جسمانی و تجارتی نقصانات سامنے آئے۔ تاہم ان واقعات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ صارفین کی ایپلی کیشنز اور کور بینکنگ ریکارڈ کی درستگی یقینی بنانے کے لیے انٹیگریٹی چیکس کیے جائیں، مالی لین دین کی آزادانہ جانچ اور خودکار بوٹس کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے تاکہ اے آئی سے چلنے والے سائبر حملوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جاسکے۔



