خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے، پنجاب میں پہلا مرحلہ 7 فروری کو کرانے کا حکم

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سماعت ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے آرڈر کا جائزہ لیا گیا، جس کی شق نمبر 2 کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اس آرڈر کا جائزہ لینے کے بعد خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 28 اکتوبر کو کمیشن نے ہنگامی حالت کے شکار اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
پنجاب میں پہلے مرحلے کے انتخابات 7 فروری کو ہوں گے
اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتظامی امور کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ دسمبر اور جنوری میں دھند انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ بن سکتی ہے جبکہ سرد موسم کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ بھی کم رہنے کا خدشہ ہے۔
چیف سیکریٹری نے درخواست کی کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔



