latest newssci&tech
گوگل کروم میں ورٹیکل ٹیبز کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

اگر آپ گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو متعدد ویب سائٹس ایک ساتھ مختلف ٹیبز میں کھولنے کی مشکل سے ضرور واقف ہوں گے۔ زیادہ ٹیبز کھلنے کے باعث اوپر موجود بار بے ترتیب ہو جاتی ہے اور مطلوبہ ویب پیج تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے گوگل کروم میں جلد ورٹیکل ٹیبز (عمودی ٹیبز) کا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جو پہلے ہی فائر فاکس سمیت بعض دیگر ویب براؤزرز میں دستیاب ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گوگل اس وقت اسکرول کی سہولت رکھنے والی عمودی ٹیب بار کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے تمام کھلے ہوئے ویب پیجز اسکرین کے ایک جانب فہرست کی صورت میں نظر آئیں گے اور صارفین باآسانی ان کے درمیان منتقل ہو سکیں گے۔
گوگل نے اپنی ایک سپورٹ پوسٹ میں اس فیچر کا اعلان کیا ہے۔ تاہم فی الحال یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں، البتہ کروم کینری (Chrome Canary) کے ذریعے اسے آزمانا ممکن ہو سکتا ہے۔
یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو بیک وقت درجنوں ویب پیجز کھول کر کام کرتے ہیں، جبکہ کم ٹیبز استعمال کرنے والوں کے لیے اس کی افادیت محدود ہو سکتی ہے۔



