eventslatest news

رحیم یار خان میں دیوالی کی مرکزی تقریب، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا کی شرکت

رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ): رحیم یار خان میں ہندو برادری کا مذہبی تہوار دیوالی سرکاری سطح پر جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دیے روشن کرکے تقریبات کا افتتاح کیا۔

تقریب میں مذہبی و ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ دیوالی کے حوالے سے ایک بڑی ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔

ہندو برادری نے سرکاری سطح پر دیوالی کی تقریبات منعقد کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اقلیتوں کو حقوق اور سہولیات فراہم کرکے پنجاب کی تاریخ بدل دی ہے۔ اقلیتیں ان کے سر کا تاج ہیں اور وزیراعلیٰ نے اپنے اس عزم کو عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کیا ہے۔ پنجاب میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اقلیتی امور کا بجٹ 10 کروڑ روپے سے بڑھا کر 16 ارب روپے کر دیا ہے۔ مینارٹی کارڈ کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے، جبکہ اقلیتی طلبہ کو وظائف اور سی ایس ایس امتحانات میں خصوصی کوٹہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ مندروں اور گرجا گھروں کی مرمت و تزئین و آرائش کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتی بچوں اور نوجوانوں کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے مثالی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں۔ دیوالی کی تقریبات محبت، بھائی چارے، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور خوشیوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعلیٰ کا وژن تمام مذاہب کو ساتھ لے کر ایک پرامن، خوشحال اور ہم آہنگ پنجاب کی تشکیل ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑا نے ملکی دفاع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ مسلح افواج دفاعی لحاظ سے پاکستان کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں پر حملوں کا مسلح افواج نے بھرپور جواب دیا اور دشمن کے دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button