حکومت کا سردیوں میں توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ، ایل پی جی شعبے کی اجارہ داری ختم کر دی، وزیراعظم

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سردیوں میں توانائی کی طلب اور دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے ہر دو سے تین روز بعد اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ مناسب ذخائر اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اور رابطہ کاری کے منصوبے بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی گھروں کو فعال رکھنے اور توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عام صارفین تک منتقل ہونے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایل پی جی کے شعبے میں کئی دہائیوں سے قائم اجارہ داری ختم کر دی گئی ہے اور اس کی تقسیم کے لیے مسابقتی اور شفاف نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت مقامی طور پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی فروخت مناسب نگرانی میں مسابقتی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ درآمد کنندگان کو بھی مقررہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شفاف نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن قومی خزانے میں جمع ہوگی، جسے بعد ازاں عام شہریوں کو سبسڈی اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم وزیر علی پرویز ملک، ان کی ٹیم، اوگرا اور متعلقہ کمیٹی نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے ریفائنریوں سے رابطہ کیا اور ان سے غیر معمولی منافع میں حصہ ڈالنے کی درخواست کی تاکہ پیٹرول کی قیمت میں مجوزہ 15 روپے فی لیٹر اضافہ صارفین پر منتقل نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا سبسڈی پروگرام کم از کم دسمبر کے اختتام تک جاری رہے گا، جس سے اب تک تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 28 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ مستفید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو شامل کیا جائے تو فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد تقریباً ساڑھے سات کروڑ بنتی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق یہ پروگرام مجموعی طور پر شفاف انداز میں جاری ہے، تاہم انٹیلی جنس اداروں نے بعض پیٹرول پمپس پر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم وزیر کو ہدایت کی کہ ایسے پمپس بند کیے جائیں اور ملوث عناصر پر بھاری مالی جرمانے عائد کیے جائیں۔
وزیراعظم نے حالیہ سفارتی رابطوں کا بھی ذکر کیا، جن میں پاکستانی وفود کے تہران کے دو دورے، فیلڈ مارشل کا دورہ، سعودی وزیر دفاع کا پاکستان کا دورہ اور ترک عہدیدار ابراہیم قالن کی آمد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مجوزہ سہ فریقی انتظام کے تحت تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تعمیری بات چیت ہوئی۔



