entertanmentlatest newsShowbiz

سونم کپور نے الزبتھ ٹیلر کا تاریخی زمرد اور ہیروں کا ہار پہننے کی تصاویر شیئر کردیں

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے مشہور زمرد اور ہیروں کے ہار کے ساتھ اپنی پرانی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔ یہ ہار حال ہی میں امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین کی جانب سے پہننے کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

سونم کپور نے انسٹاگرام پر سرخ لباس میں اپنی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ قیمتی زمرد اور ہیروں کا تاریخی ہار پہنے نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ جب ہر طرف الزبتھ ٹیلر کے مشہور بلغاری ہار کا چرچا ہے تو انہوں نے بھی اس کے ساتھ اپنی یادگار لمحے کی تصاویر شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول اس وقت ان کی فیشن سے متعلق بڑی دریافت یہ تھی کہ سرخ اور سبز رنگ ایک ساتھ بہت خوبصورت لگتے ہیں۔

انہوں نے مزید مزاحیہ انداز میں لکھا کہ بظاہر اس ہار کی سماجی زندگی ہم میں سے بیشتر لوگوں سے زیادہ شاندار ہے۔

یہ ہار محض ایک قیمتی زیور نہیں بلکہ ہالی ووڈ کی مشہور عشقیہ داستان کا بھی حصہ رہا ہے۔ اطالوی لگژری جیولری برانڈ بلغاری نے اسے 1962ء کے لگ بھگ تیار کیا تھا، جب الزبتھ ٹیلر فلم ’’کلیوپیٹرا‘‘ کی شوٹنگ کے لیے روم میں موجود تھیں۔ اسی دوران ان کی فلمی ساتھی اداکار رچرڈ برٹن سے محبت پروان چڑھی اور دونوں روم کی معروف بلغاری بوتیک کے باقاعدہ خریدار بن گئے۔

رچرڈ برٹن نے الزبتھ ٹیلر کو زمرد کے متعدد قیمتی زیورات تحفے میں دیے۔ یہ مخصوص ہار 1964ء میں ان کی شادی کے موقع پر بطور تحفہ پیش کیا گیا تھا۔ ہار کے اگلے حصے میں ایک خصوصی حلقہ موجود ہے، جس میں زمرد اور ہیروں سے مزین علیحدہ لاکٹ لٹکایا جاسکتا ہے۔ یہ لاکٹ برٹن نے 1962ء میں منگنی کے موقع پر ٹیلر کو تحفے میں دیا تھا۔

کرسٹیز کے نیلامی کیٹلاگ کے مطابق پلاٹینم سے تیار کردہ اس ہار میں مختلف سائز کے 16 مستطیل اور مربع تراش والے زمرد جڑے ہوئے ہیں، جن کے گرد گول تراش کے ہیرے نصب ہیں۔ ان کے درمیان ہیروں سے بنے خوبصورت نقش و نگار بھی موجود ہیں۔

الزبتھ ٹیلر کے بعد بھی اس تاریخی ہار کو کئی معروف شخصیات نے زیب تن کیا۔ فروری 2013ء میں اداکارہ جولیان مور نے بیورلی ہلز میں بلغاری کی تقریب کے دوران یہی ہار پہنا تھا۔ یہ تقریب ٹیلر کے زیورات کے مجموعے کی نمائش کے لیے منعقد کی گئی تھی، جسے بلغاری نے 2011ء کی نیلامی کے بعد حاصل کیا تھا۔

حال ہی میں کم کارڈیشین نے روم میں بلغاری کی بوتیک کے دورے کے دوران اس تاریخی ہار کو پہن کر اپنی تصاویر اور تجربہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد اس زیور میں ایک بار پھر دلچسپی پیدا ہوگئی۔

الزبتھ ٹیلر کے انتقال کے بعد ان کے قیمتی زیورات کا مجموعہ دسمبر 2011ء میں نیویارک کے نیلام گھر کرسٹیز میں فروخت کیا گیا۔ بلغاری کا یہ زمرد اور ہیروں سے مزین ہار 61 لاکھ 30 ہزار 500 ڈالر میں نیلام ہوا، جبکہ اس کی ابتدائی تخمینی قیمت 10 لاکھ سے 15 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

اس ہار کی مقبولیت کی وجہ صرف اس کی غیر معمولی مالی قدر نہیں بلکہ اس سے وابستہ محبت، ہالی ووڈ کی تاریخ اور شاہانہ طرز زندگی بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ زیور آج بھی عالمی فیشن اور شوبز کی معروف شخصیات کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button