پاکستان میں اسپاٹیفائی کی آڈیو بکس سروس متعارف، 489 روپے ماہانہ میں 15 گھنٹے کتابیں سننے کی سہولت

4 نومبر سے دستیاب ہونے والی اس سروس کو ’’آڈیو بکس پلس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت مفت اور پریمیم دونوں طرح کے صارفین 489 روپے ماہانہ میں 15 گھنٹے آڈیو بکس سن سکیں گے۔ سبسکرپشن ہر ماہ خودکار طور پر تجدید ہوگی، جبکہ استعمال نہ کیے جانے والے گھنٹے اگلے بلنگ سائیکل کے آغاز پر ختم ہو جائیں گے۔
ماہانہ مقررہ وقت مکمل ہونے پر صارفین 579 روپے میں مزید 10 گھنٹے خرید سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ کسی مخصوص کتاب کو ماہانہ سبسکرپشن کے بغیر بھی الگ سے خرید سکتے ہیں۔
اسپاٹیفائی نے اپنی ایپ میں آڈیو بکس کے لیے الگ سیکشن بھی متعارف کرایا ہے، جہاں صارفین کتابیں تلاش کرنے، ان کی تفصیلات دیکھنے اور اپنی پسند کے عنوانات دریافت کرنے کے قابل ہوں گے۔
سروس میں کئی سہولتیں بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں آٹو میٹک بک مارکنگ شامل ہے، جس کے ذریعے صارف کی کتاب سننے کی پیش رفت محفوظ رہتی ہے۔ اس کے علاوہ سلیپ ٹائمر کی مدد سے مقررہ وقت کے بعد آڈیو خودکار طور پر بند ہو جاتی ہے۔
ایک اور اہم فیچر ’’پیج میچ‘‘ کے ذریعے صارف کسی مطبوعہ یا ڈیجیٹل کتاب اور اس کے آڈیو ورژن کے درمیان باآسانی منتقل ہو سکتا ہے اور وہیں سے سننا جاری رکھ سکتا ہے جہاں اس نے پڑھنا یا سننا چھوڑا تھا۔ آڈیو بکس آف لائن سننے کے لیے ڈاؤن لوڈ بھی کی جا سکتی ہیں، جبکہ مختلف معاون ڈیوائسز پر صارف کی پیش رفت ہم آہنگ رہتی ہے۔
اسپاٹیفائی کی پاکستان میں توسیع اس کے عالمی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا اعلان 7 اکتوبر کو فرینکفرٹ بک فیئر میں کیا گیا تھا۔ کمپنی کا ارادہ ہے کہ 2026 کے اختتام تک آڈیو بکس سروس 180 سے زائد مارکیٹس میں دستیاب ہو، جس سے 78 کروڑ سے زیادہ افراد تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔
اسپاٹیفائی کے نائب صدر برائے آڈیو بکس اوون اسمتھ کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگوں کے لیے آڈیو بکس دوبارہ مطالعے کی طرف واپسی کا ذریعہ بنتی ہیں، چاہے وہ سفر کے دوران ہوں، چہل قدمی کر رہے ہوں یا دن بھر کی مصروفیات کے بعد آرام کر رہے ہوں۔
کمپنی نے تین سال قبل اپنی پریمیم سروس میں آڈیو بکس متعارف کروا کر اس شعبے میں قدم رکھا تھا۔ اسپاٹیفائی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ماہانہ آڈیو بکس سننے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سننے کے مجموعی دورانیے میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کمپنی کی آڈیو بکس پلس سبسکرپشن کے آغاز کے ایک سال سے کچھ زیادہ عرصے میں 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سے وابستہ ہو چکے ہیں۔
پاکستانی صارفین اسپاٹیفائی ایپ اپ ڈیٹ کرکے آڈیو بکس سیکشن میں جا سکتے ہیں، جہاں سے اپنی پسند کی کتاب منتخب کرنے کے بعد آڈیو بکس پلس کی سبسکرپشن یا انفرادی کتاب خریدنے کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔



