latest news

سوشل میڈیا نے رقص کے بارے میں نوجوانوں کا رویہ بدل دیا، روایتی رقص کی اصل تکنیک برقرار رکھنا ضروری ہے: نگہت چوہدری

کراچی: معروف کلاسیکل رقاصہ نگہت چوہدری نے سوشل میڈیا پر رقص کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز نے فنِ رقص کے بارے میں لوگوں کا رویہ تبدیل کردیا ہے اور نوجوان نسل کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا زیادہ موقع فراہم کیا ہے، تاہم اس رجحان کے دوران روایتی رقص کی اصل تکنیک اور فنون کی انفرادیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 9 نومبر کو ہونے والی اپنی آئندہ پرفارمنس کے بارے میں بھی بتایا۔

نگہت چوہدری اس پروگرام میں معروف موسیقار نائجل بوبی کے ساتھ پرفارم کریں گی، جبکہ ساز رِندا بھی لائیو پرفارمنس پیش کریں گے۔ پروگرام میں غزل، ٹھمری، صوفی موسیقی اور قوالی کا امتزاج پیش کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے نگہت چوہدری نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ نوجوانوں میں رقص کے فن سے دلچسپی بڑھ رہی ہے اور وہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’رقص زندگی ہے، یہ انسان کے احساسات کے اظہار کا ذریعہ ہے، خواہ اس کی کوئی بھی شکل ہو۔‘‘ انہوں نے سوشل میڈیا پر رقص کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو مثبت پیش رفت قرار دیا، تاہم روایتی اور کلاسیکل رقص پر اس کے اثرات کے حوالے سے تحفظات بھی ظاہر کیے۔

نگہت چوہدری نے کہا کہ رقص کی ہر صنف کی اپنی تکنیک، اصول اور روایات ہوتی ہیں جن کا احترام ضروری ہے۔ ان جیسے فنکاروں نے ان فنون کو سیکھنے اور سمجھنے میں تقریباً 40 سال صرف کیے ہیں، اس لیے ان کی تکنیک اور روایات کو مسخ ہوتے یا نظرانداز ہوتے دیکھنا تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ رقص محض جسمانی حرکات کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے باقاعدہ تربیت اور فنی بنیادوں سے آگاہی ضروری ہے۔ ان کے مطابق تجربہ کار فنکار روایتی رقص کے سفیر ہیں اور نئی نسل تک اس فن کی اصل روح اور صداقت منتقل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت سمیت مختلف ممالک سے لوگ بھی سوشل میڈیا کے ذریعے ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، جس کے باعث روایتی رقص کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنا اور اس کی حقیقی تفہیم کو فروغ دینا مزید اہم ہوگیا ہے۔

نگہت چوہدری نے ابتدائی طور پر بیلے اور جدید رقص کی تربیت حاصل کی، تاہم 14 برس کی عمر میں معروف کتھک رقاصہ ناہید صدیقی سے ملاقات کے بعد ان کی شاگردی اختیار کرلی۔ اپنی ثقافت کے کلاسیکی فنون سے متاثر ہوکر انہوں نے بیلے کی تربیت ترک کردی اور ہندوستانی کتھک کے فنی اسلوب اور باریکیوں کو سمجھنے کے لیے پاکستان واپس آگئیں۔ بعدازاں انہوں نے صوفی اور صوفیانہ رنگ میں ڈھلے کتھک رقص میں مہارت حاصل کی اور تین دہائیوں سے زائد عرصے سے پیشہ ورانہ طور پر اس فن سے وابستہ ہیں۔

1994ء میں کراچی کے ایف ٹی سی آڈیٹوریم میں انہوں نے اپنے خود ترتیب دیے گئے کتھک سولو رقص کے ذریعے فنی سفر کا نمایاں آغاز کیا۔ 1995ء میں اس وقت کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ہمراہ ثقافتی وفد میں ترکمانستان، لندن اور امریکا کا دورہ کیا، جہاں لیکچرز، ورکشاپس اور رقص کی پرفارمنس کے ذریعے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے لاڑکانہ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی پر مبنی بیلے بھی ترتیب دیا اور ان کی برسی کے موقع پر اسے پیش کیا، جس سے انہیں نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی۔ 1995ء سے 2013ء تک رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ کے زیر اہتمام پاکستان میں منعقد ہونے والے ورلڈ پرفارمنگ آرٹس فیسٹیولز میں بھی مسلسل پرفارم کرتی رہیں۔

2003ء میں کراچی آرٹس کونسل کے میوزک کمیٹی کے ثقافتی پروگراموں میں حصہ لیا، جبکہ 2004ء میں اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقدہ کوڈک ایچ آر ڈی کانگریس میں کتھک رقص پیش کیا۔ 2005ء میں لکس اسٹائل ایوارڈز اور ٹی وی ون گلوبل کی افتتاحی تقریب کے لیے رقص کی کوریوگرافی اور پرفارمنس بھی انجام دیں۔

23 مارچ 2005ء کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں صدر پرویز مشرف کے سامنے پرفارم کیا۔ 2008ء میں اسپین میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام ’’قلندر باس‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں پاکستان کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا۔

2009ء میں اسلام آباد میں ورلڈ پاپولیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انٹرنیشنل مدرز نائٹ میں پرفارم کیا، جبکہ 2013ء میں پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز کے زیر اہتمام اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں ہونے والی تقریبات میں کلاسیکی رقص کو فروغ دینے کے لیے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button