latest newsWorld

خلیجی ممالک میں اے آئی اور نئی لیبر پالیسیوں سے تارکین وطن کی 70 فیصد ملازمتیں متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور: مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور خلیجی ممالک کی بدلتی ہوئی لیبر پالیسیوں کے باعث تارکین وطن کے لیے روایتی طور پر دستیاب 70 فیصد ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں، جبکہ خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع اور ترسیلات زر میں ممکنہ کمی کے خدشات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے ڈاکٹر ناصر اقبال نے کہا ہے کہ 2026 میں جاری تنازعات اور مصنوعی ذہانت کے تیزی سے فروغ نے عالمی نقل مکانی کے منظرنامے کو بنیادی طور پر تبدیل کردیا ہے۔ خلیجی ممالک اب غیر ملکی کارکنوں کے انتخاب میں مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نقل مکانی کے مخصوص راستوں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افرادی قوت فراہم کرنے والے ممالک بھی اب کارکنوں کی جانچ پڑتال اور تربیت کے عمل میں فعال کردار ادا کررہے ہیں، جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق ترسیلات زر پر توجہ کے باوجود موجودہ مالی آمدن مستقبل میں بیرون ملک روزگار کے مواقع میں ممکنہ کمی کو چھپا سکتی ہے۔

وہ لاہور اسکول آف اکنامکس کے سینٹر آن انٹرنیشنل مائیگریشن، ریمیٹنسز اینڈ ڈائسپورا (CIMRAD) کے زیر اہتمام دو روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس ’’ایشیا سے عالمی نقل مکانی کے مستقبل کے محرکات‘‘ سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، فلپائن اور سری لنکا کے ماہرین تعلیم، محققین اور پالیسی ماہرین نے شرکت کی۔

کانفرنس کے دیگر مقررین نے بھی خلیجی ممالک میں سخت ہوتی ہوئی لیبر پالیسیوں اور روزگار کی بدلتی ضروریات کی نشاندہی کی۔ گلف لیبر مارکیٹس، مائیگریشن اینڈ پاپولیشن پروگرام کی سینئر فیلو فرانکوئس ڈی بیل ایئر نے کہا کہ شمالی امریکا، یورپ اور خلیجی ممالک میں ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں، تاہم کم اور نیم ہنرمند کارکنوں کے لیے روایتی روزگار کے راستوں پر پابندیاں سخت ہوتی جارہی ہیں۔

ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں لیبر مائیگریشن کے ماہر فروئلان ملیٹ نے کہا کہ ایشیا اور خلیجی ممالک کے درمیان افرادی قوت کی نقل مکانی کا سلسلہ عالمی جنوب میں سب سے زیادہ مستحکم نظاموں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق مختلف خطوں کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کی باہمی منظوری کے نظام پر مزید تحقیق اور اسے جنوبی ممالک کی باہمی نقل مکانی سے متعلق خارجہ پالیسی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ کے مارکو موگیانی نے کہا کہ یورپی یونین کی بدلتی پالیسیوں، سرحدی نگرانی میں سختی، بائیومیٹرک نگرانی اور تارکین وطن کی واپسی کے اقدامات نے پاکستان اور بنگلہ دیش سے نقل مکانی کے رجحانات کو متاثر کیا ہے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور امیگریشن پالیسیوں، نقل مکانی کے راستوں، روانگیوں اور دوران سفر تارکین وطن کی ہلاکتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور اسکول آف اکنامکس کی ڈاکٹر فریحہ ظفر نے ایشیا سے غیر قانونی نقل مکانی کی بنیادی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، معاشی غیر یقینی صورتحال، بے روزگاری اور معیاری تعلیم تک محدود رسائی کو شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی راستوں سے سفر کرنے والی خواتین کو انسانی اسمگلنگ سمیت زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مختلف ممالک کے مطالعات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر ریچا شیوکوٹی نے بتایا کہ نیپال کی معیشت بیرون ملک روزگار اور ترسیلات زر پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، جہاں ترسیلات زر مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 33 فیصد ہیں۔ انہوں نے بے روزگاری، سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال، موسمیاتی آفات اور نوجوانوں میں بیرون ملک جانے کے بڑھتے رجحان کو اس کی اہم وجوہات قرار دیا۔

ڈاکٹر مروجا ایم بی ایسس نے کہا کہ فلپائن میں معیاری ملازمتوں کی کمی اور بیرون ملک مسلسل طلب کے باعث شہری روزگار کے لیے دوسرے ممالک کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت، روزگار کے شعبوں میں تنوع، عمر رسیدہ آبادی، شرح پیدائش میں کمی اور ڈیجیٹلائزیشن کو مستقبل میں نقل مکانی پر اثرانداز ہونے والے اہم عوامل قرار دیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بیرون ملک نقل مکانی کے رجحانات میں تسلسل کے ساتھ تبدیلی بھی آرہی ہے۔ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک میں روایتی ملازمتوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مغربی ممالک میں ہنرمند پاکستانیوں کی نقل مکانی بھی بڑھ رہی ہے۔ معاشی عدم استحکام، حکومت کی بیرون ملک روزگار کی حوصلہ افزائی کی پالیسیاں اور ترسیلات زر اس رجحان کے اہم محرکات ہیں، جبکہ مہارتوں اور ملازمتوں میں عدم مطابقت اور جغرافیائی سیاسی تنازعات بڑے چیلنجز ہیں۔

کانفرنس کے شرکا نے خبردار کیا کہ پاکستان اور نیپال جیسے ممالک میں آبادیاتی تبدیلیوں اور مقامی سطح پر روزگار کے محدود مواقع کے باعث بیرون ملک نقل مکانی کا دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے محققین پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر مستقبل کی مہارتوں کی ضروریات اور افرادی قوت فراہم کرنے اور وصول کرنے والے ممالک کی ترقیاتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button