latest newsPoliticsWorld

جے ڈی وینس نے ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دے دیا

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ ایران جنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کا دیانت دارانہ جائزہ جنگ کے اثرات کو تسلیم کرنے سے شروع ہونا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنی طویل پوسٹ میں جے ڈی وینس نے لکھا کہ ہماری شکست کی وجہ جنگ ہے، خود صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ رات یہی بات کہی تھی۔ سب جانتے ہیں کہ ہم کیوں ہارے، اس لیے مستقبل کی حکمت عملی پر کوئی بھی دیانت دارانہ گفتگو اسی حقیقت سے شروع ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلکن ووٹرز نے مڈٹرم انتخابات میں حصہ تو لیا، لیکن انہوں نے اپنی جماعت کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیے۔

نائب صدر کے مطابق انتخابی ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ریپبلکن پارٹی کا معاشی پیغام اور بیانیہ عوام تک مؤثر اور واضح انداز میں نہیں پہنچ سکا۔

جے ڈی وینس نے حالیہ پولنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2024 میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے ووٹرز اب بنیادی طور پر چار مطالبات کررہے ہیں، جن میں ایران جنگ کا خاتمہ، مہنگائی پر قابو پانا، امریکا فرسٹ پالیسی پر عمل درآمد اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں تبدیلی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر بمباری کے فیصلے سے قبل نائب صدر جے ڈی وینس نے جنگ میں امریکی شمولیت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ امریکا ایسے تنازع میں الجھ سکتا ہے جس سے نکلنا مشکل ہوگا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس اگر 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے مضبوط امیدواروں میں شمار ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button